شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن، پاک فوج کے 3 جوان وطن پر قربان ہوگئے

خفیہ اطلاعات پر ڈوسالی کے علاقے میں کیے گئے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد بھی جہنم واصل ہوئے، کیپٹن فہیم، سپاہی شفیع، سپاہی نسیم کی شہادت کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن

muhammad ali محمد علی بدھ 5 مئی 2021 22:11

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن، پاک فوج کے 3 جوان وطن پر قربان ہوگئے
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 05 مئی 2021ء ) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن، پاک فوج کے 3 جوان وطن پر قربان ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف ایک خفیہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے 3 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں آپریشن کیا گیا، اس دوران 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن فہیم، سپاہی شفیع، سپاہی نسیم جام شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے جوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ جبکہ اس سے قبل بدھ کی صبح کو بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے حملے میں سیکورٹی فورس کے 4 جوان شہید ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ منزہ کئی سیکٹرضلع ژوب میں پیش آیا جہاں ایف سی کے جوان پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے، حملے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے ، دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں میں حوالدار نورزمان ، سپاہی شکیل عباس ، سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شامل ہیں ، جب کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے چھ جوان زخمی بھی ہوئے۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں