گورنرخیبرپختونخوا کامیرانشاہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نوازشریف ٹاؤن بنانے کااعلان

میرانشاہ بازار کے متاثرہ گھرانوں کیلئے ریلیف پیکج دیاجائیگا، آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں نہ صرف فاٹابلکہ پورے ملک میں امن قائم ہوچکا،تقریباً90 فیصد ٹی ڈی پیزاپنے آبائی علاقوں کو واپس جاچکے ہیں ،وزیراعظم کی خواہش کے مطابق فاٹاکے عوام کوترقی کے قومی دھارے میںلانے کیلئے فاٹا کے عوام کی مرضی ومشاورت سے اصلاحات لائے جارہے ہیں گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کا میرانشاہ میں اتمانزئی قبائل کے نمائندہ جرگے سے خطاب

بدھ 1 فروری 2017 20:24

گورنرخیبرپختونخوا کامیرانشاہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نوازشریف ٹاؤن بنانے کااعلان
شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے میرانشاہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نوازشریف ٹاؤن بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرانشاہ بازار کے متاثرہ گھرانوں ومکین کیلئے ریلیف پیکج دیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں نہ صرف فاٹابلکہ پورے ملک میں امن قائم ہوچکاہے۔

تقریباً90 فیصد ٹی ڈی پیزاپنے آبائی علاقوں کو واپس جاچکے ہیں اورباقی ٹی ڈی پیز بھی جلد واپس ہوجائیں گے۔ وزیراعظم محمدنوازشریف کی خواہش کے مطابق فاٹاکے عوام کوترقی کے قومی دھارے میںلانے کیلئے فاٹا کے عوام کی مرضی ومشاورت سے اصلاحات لائے جارہے ہیں۔وہ بدھ کے روز شمالی وزیرستان ایجنسی کے ایک روزہ دورے کے موقع پر ایجنسی کے ہیڈکوارٹر میرانشاہ میں اتمانزئی قبائل کے نمائندہ جرگے سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اراکین قومی اسمبلی ، کمشنربنوں،ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا، جی او سی شمالی وزیرستان میجرجنرل حسن، سول وفوجی حکام اور قبائلی زعماء بھی اس موقع پر موجودتھے۔قبل ازیں ایجنسی پرپہنچنے پراراکین پارلیمنٹ اور قبائلی زعماء نے گورنرکااستقبال کیا۔ ایجنسی پہنچنے کے فوراً بعد گورنرنے میرانشاہ میں گورنرماڈل سکول کا افتتاح کیاجبکہ زیرتعمیرمیرانشاہ بازار کامعائنہ بھی کیا۔

گورنرنے میرانشاہ میں یونس خان سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ حکومت کو قبائلی عوام کی مشکلات کا پوری طرح احساس ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج ،سیکورٹی فورسز اور قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن کے قیام کیلئے جو قربانیاں دی ہیں، پوری قوم کو ان پر فخرہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹی ڈی پیزکی اپنے آبائی علاقوں کو واپسی اور بحالی میری اولین ترجیح تھی اور اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہم اس مقصد میں بڑی حدتک کامیاب ہوچکے ہیںاور باقی رہ جانے والے ٹی ڈی پیزکی جلد ازجلد اپنے آبائی علاقوں میں واپس لانے کیلئے تمام ترممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس ضمن میں نہ تو وسائل کی کمی ہے اور نہ ہونے دی جائیگی اور نہ ہی کوئی رکاوٹ آڑے آنے دی جائیگی۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا میں قبائلی عوام کی مرضی ومشاور ت سے اصلاحات لائے جارہے ہیں اورقبائلی عوام کی اکثریت نے فاٹاکو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کافیصلہ کیاہے۔ سپاسنامے میں کئے گئے مطالبات کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ شاہراؤں کی تعمیر وترقی ہو یا بجلی کے نظام کی بحالی، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیناہو یا روزگار کے مواقع کے فراہمی ، تمام ترپہلووں کو مدنظر رکھ کر ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تعلیم، صحت، آبنوشی و آبپاشی سمیت تمام شعبوں کی بحالی اور ترقی کیلئے خاطرخواہ وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔گورنرنے میرانشاہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نوازشریف ٹاؤن بنانے اور گورنرماڈل سکول گرلز سیکشن کابھی اعلان کیا۔انہوںنے لڑکیوں کیلئے ڈگری کالج اور میرعلی میں گورنرماڈل سکول بنانے کااعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ میرانشاہ بازار کے متاثرہ گھرانوں ومکین کیلئے بہت جلد ایک ریلیف پیکج کا اعلان کیاجائیگا۔انہوں نے پولیٹیکل انتظامیہ کوہدایت کی ہے کہ زیرتعمیرمیرانشاہ مارکیٹ کامسئلہ افہام وتفہیم اوررتمام ترمتاثرین کی خواہشات وضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد ازجلد حل کیاجائے۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں