مخالفین ملکر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے، پرویزخٹک

جمعہ 20 جولائی 2018 00:06

مخالفین ملکر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے، پرویزخٹک
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ امیدوار حلقہ این اے 25 و پی کے 61-64 پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی25 جولائی کوجیت یقینی ہے، چاروں صوبوں سمیت وفاق میں تحریک انصاف اکیلے حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوںگے۔ ان خیالات کااظہار پرویز خان خٹک نے گنڈیری، مصری بانڈہ، رشکی اور خویشگی پایان میں بڑے جلسوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پرویز خان خٹک نے کہا ہے ملک کو لوٹنے والوں کو کھڑے احتساب سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ پی ٹی ائی کے چیرمین عمران خان کی قیادت میں قومی دولت لوٹنے والوںسے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت میں ہم یہ دعوی تو نہیں کرتے کہ ہم نے سوفیصد رشوت اور کمیشن ختم کردی مگر بڑی حدتک رشوت اور کمیشن میں واضح کمی لائے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی صوبے کی سیاست تاریخ بدلنے جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کے لیے حکمت عملی واضع کرلی ہے ۔ پرویز خٹک نے اے این پی اور پی پی پی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کادور ختم ہوچکا ہے۔انھوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں اس ملک میں استاد ڈاکٹر پولیس پٹواری پر سیاست ہوتی رہی۔ مگر پی ٹی آئی نے مفاد پرست اور کرپٹ سیاست دانوں پر یہ تمام راستے بند کردئیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے تمام ملازمتیں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر اہل لوگوں کودی جس سے صوبے کے قابل نوجوانوں کو اپنا حق ملا۔

انھوں نے کہا کہ 2013 میں جب ہم تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں برسر اقتدار ائی تو ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا تھا، ادارے تباہ حال تھے۔ ہم نے اداروں کی تعمیر نو کا آغاز کرکے صوبے کو ترقی کے راہ پر گامزن کیا۔پرویز خٹک نے کہا کہ مخالفین ملکر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے تحریک انصاف کوشکست دینا ان کے بس کی بات نہیں۔ جیت تحریک انصاف کامقدر ہے اور شکست مخالفین کی اٹل ہے۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں