وزیر اعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کریںگے‘ پرویز خٹک

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:12

وزیر اعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کریںگے‘ پرویز خٹک
نوشہرہ۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ عوام تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کو دل وجان سے چاہتے ہیں‘ پی ٹی آئی کو پہلے بھی اتحاد بنا کر شکست نہیں دی جاسکی اور اب ضمنی انتخابات میں مخالفین چاہیے جیتنے اتحاد بنا لیں وہ مل کر بھی تحریک انصاف کوشکست نہیں دے سکتے‘ملک کو بحرانوںسے نکالنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان ٹھوس اقدامات اٹھار ہے ہیں‘پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیکر ثابت کردیاکہ وہ مفاد پرست کرپٹ سیاست دانوںسے عاجز آچکے ہیں وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے نوشہرہ میں اے این پی کے دیرینہ کارکن میاں صداقت علی شاہ کاکاخیل کے اپنے پور ے خاندان اوردرجنوں ساتھیوں سمیت اے این پی سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکاخیل اور پی ٹی آئی کے امیدوارحلقہ پی کے 64 لیاقت خان خٹک بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے نئے شامل ہونے والوں کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائی اوران کاپارٹی میں خیر مقدم کیا۔ پرویز خان خٹک نے میاں صداقت علی شاہ کاکاخیل کی تحریک انصاف میں شمولیت پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ یہ خاندان خدائی خدمت گار تحریک میں بھی شامل رہا اور تقریباً سوسال تک اے این پی اور خدائی خدمت گار تحریک سے منسلک رہا‘ تحریک انصاف ہی ہے جس نے اپنے سابقہ دور حکومت میں خیبرپختونخوا میں ریکارڈ تبدیلی لائی اور اسی تبدیلی سے متاثر ہوکر خیبر پختونخوا کے عوام نے صوبے کی تاریخ بدلتے ہوئے دوبارہ تحریک انصاف کوبھاری مینڈیٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کریںگے‘ موجودہ حکومت غریب عوام پر نیا بوجھ نہیں ڈال رہی ہے کیونکہ غریب عوام پہلے ہی سے زبو حالی کاشکار ہیں‘ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات انتہائی کامیاب رہا جس کے دور رس نتائج نکلیںگے‘ ملک میں بہت جلد معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی‘ بیرون ملک پاکستانی ملک کو قرضوں سے نجات دلانے اور پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لیے عمران خان کا بھرپور ساتھ دیںگے اورملک میں سرمایہ کاری کریں گے‘ ہمار ی اولین ترجیح بیرون ملک موجود پاکستانیوں کااعتماد بحال کرنا ہے اور ایسی پالیسیاں ترتیب دینی ہے جس سے سمندر پار پاکستانی مطمئن ہوں اوریورپ امریکہ اور دیگر ممالک میں سرمایہ کاری کی بجائے اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں۔

انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت کا دوسرا اہم ٹاسک بیرون ممالک کے بینکوں میں موجود اربوں ڈالر واپس پاکستان لانا ہے‘ اب کوئی پاکستان کاپیسہ باہر نہیں لے جاسکے گا ‘ بیرون ملک بینکوں میں پڑا پاکستانی پیسہ واپس پاکستان لاکر عوام پر خرچ کریںگے‘ عوام نے جس اعتماد کااظہار تحریک انصاف پر کیا اس پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے اور عوام کو اپنی کارکردگی سے مایوس نہیںکریں گے۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں