ّ مولانا حامد الحق حقانی کا مولانا اسفندیار خان صاحب کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار

اتوار 20 اکتوبر 2019 20:45

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے جمعیت علمائے اسلام مولانا سمیع الحق شہید کی جماعت کے سرپرست اعلیٰ ، مرکزی نائب امیر ،ممتاز عالم دین اور جامعہ دارالخیر کراچی کے مہتمم اعلیٰ مولانا اسفندیار خان صاحب کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار ان کے صاحبزادوں ،جملہ خاندان اور جامعہ کے اساتذہ وطلبہ سے کیا ہے،اسی طرح معروف صحافی روزنامہ ’’آج‘‘ کے مدیر اعلیٰ جناب عبدالواحد یوسفی ؒکے پشاور میں انتقال کرجانے پر ان کے خاندان سے دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مولانا حقانی نے کہاکہ یوسفی صاحب کی گرانقدر خدمات صحافت کے میدان میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ،وہ ایک سچے کھرے اہل قلم اور پاکستان کے بہترین خیرخواہ تھے ، مولانا حقانی نے جنرل حمید گل صاحبؒ کے فرزندوںجوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ حمید گل اوردیگر خاندان کے پسماندگان سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور کہاکہ اللہ تعالیٰ جنرل حمید گلؒ کی اہلیہ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں رکھے۔

(جاری ہے)

مرحومہ بھی انتہائی نیک خاتون تھیں اور ان کے جذبات بھی ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے ساتھ ساتھ رہے۔ ان تینوں مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں تعزیتی اجتماعات مختلف شعبوں میں منعقد کی گئیں جس میں ختم قرآن ،درس حدیث اور جامع مسجد میں تعزیتی اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا ،جس سے مولانا حامد الحق حقانی ودیگر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسفندیار خان کی علمی ودینی وسیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

جس سے مہتمم شیخ الحدیث حضرت مولانا انوار الحق صاحب ،نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی،شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس،شیخ الحدیث حضرت مولانا صوفی محمد اکرم لاہور، نے بھی تعزیتی خطاب کیا اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی ۔ مولانا حامد الحق حقانی ،مولانا اسفندیار خان کی وفات پران کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیلئے کراچی پہنچیں گے ۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں