چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کا فیصلہ بدھ تک ہوجائے گا،پرویز خٹک

وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں بلکہ گلے شکوے تو ہوتے رہتے ہیں، آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق اپوزیشن سے ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانونی ٹیم کے ساتھ مل کر حکومت فیصلہ کرے گی، وزیر دفاع کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 8 دسمبر 2019 21:50

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کا فیصلہ بدھ تک ہوجائے گا،وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں بلکہ گلے شکوے تو ہوتے رہتے ہیں، آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق اپوزیشن سے ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانونی ٹیم کے ساتھ مل کر حکومت فیصلہ کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ممبران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر سے متعلق اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطے ہوچکے ہیں، بدھ تک ان تقرریوں کا فیصلہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق اپوزیشن سے ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانونی ٹیم کے ساتھ مل کر حکومت فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی رکن قومی اسمبلی نالاں نہیں بلکہ گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں لیکن گلے شکوے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کا تختہ الٹا دیاجائے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی، تمام ارکان قومی اسمبلی حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور متحدہ اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہے جس کے بعد اپوزیشن معاملہ سپریم کورٹ لے گئی جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے 5 دسمبر کو مزید 10 روز کا وقت دیا تھا۔

دوسری جانب سردار رضا محمد خان نے 6 دسمبر 2014 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور ان کی مدت ملازمت 6 دسمبر کو پوری ہونے کے بعد پنجاب کے سینئر ممبر جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی قائم مقام چیف الیکشن کمشنر ہیں۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں