حکومتی اعلیٰ سطحی وفد کی مولانا حامد الحق حقانی اور جمعیت کے دیگر ذمہ داران سے اہم ملاقات، مختلف امورپر گفتگو

ہم چاہتے ہیں پاکستان مضبوط اور مستحکم ہو اوردشمن طاقتوں کے مقابلہ میں تمام سیاستدان حکمرانوں اور افواج پاکستان سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر مقابلہ کریں، مولانا حامد الحق

جمعرات 28 جنوری 2021 19:33

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) حکمران جماعت کی اعلیٰ سطحی وفد جس میں وزیردفاع پرویز خٹک ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وزیرمملکت علی محمد خان نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی سے ان کی رہائش گاہ یہ پر ایک گھنٹہ تفصیلی ملاقات ہوئی، مذاکرات میں مولانا حامد الحق کی معاونت جمعیت کے سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالواحد، صوبائی امیر مولانا سید یوسف شاہ اورعبدالرافیع ودیگر نے کی، حکومتی وفد نے جمعیت علمائ اسلام کے شہید قائد مولاناسمیع الحق جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور مولانا حامد الحق حقانی کی دینی قومی اورملی خدمات کو سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ مولانا حامد الحق اور ان کی پارٹی جمعیت علمائے اسلام حسب سابق پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعاون بالخصوص آئین میں مولانا سمیع الحق کے شامل کردہ اسلامی دفعات کے نفاذ میں ہمارے ساتھ تعاون کریں، حکومتی وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ رابطہ کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے مستقل تین رکنی کمیٹی کا اعلان کیا جس میں پرویز خٹک ،اسد قیصراور علی محمد خان شامل ہوں گے، اسی طرح جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا حامد الحق نے بھی ایک مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کیا جو مرکزی امیر مولانا حامد الحق حقانی کی سربراہی میں صوبائی سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالواحد صوبائی امیر مولانا سید یوسف شاہ پر مشتمل ہوگی، جمعیت کے سربراہ مولانا حامد الحق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اوران پر واضح کیا کہ جمعیت علماء نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے، اور حکومت کے اچھے کاموں کو اچھا اوربرے کاموں کو برا کہا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان مضبوط اور مستحکم ہو اوردشمن طاقتوں کے مقابلہ میں تمام سیاستدان حکمرانوں اور افواج پاکستان سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر مقابلہ کریں، اورمدارس دینیہ ختم نبوت ،اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازشوں اوردیگر اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں ،مولانا حامد الحق حقانی نے حکومتی وفد کی جذبہ خیرسگالی کو سراہا۔آخر میں وفد نے مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور نائب صدر وفاق المدارس پاکستان حضرت مولانا انوار الحق سے ملاقات کی اور حضرت نے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ملک و ملت کی سلامتی کے لئے دعا فرمائی۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں