ڈپٹی کمشنر نوشکی نے ضلع میں اخوت،محبت کو پروان چڑھایا، عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن مدد و تعاون کی ،میر خورشید جمالدینی

اتوار 23 فروری 2020 18:55

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2020ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی، سابق ضلعی صدر نذیر بلوچ نے اپنے جاری بیان میں ڈپٹی کمشنر نوشکی رزاق بلوچ کے تبادلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈپٹی کمشنر رزاق بلوچ ایک مخلص،ایماندار اور فرض شناس آفیسر ہیں، انہوں نے ضلع میں مختلف شعبوں خصوصا تعلیم، صحت ،آبنوشی،اسپورٹس،شجر کاری سمیت تمام اداروں کو نہ صرف فعال و مضبوط بنایا بلکہ عوام کے شکایات ،انکے مسائل کا ہمیشہ ازالہ کیا،ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں اخوت،محبت کو پروان چڑھایا، وہ ایک غریب پرور وڑنری شخصیت ہیں جنہوں نے عوام اور اداروں کے مابین بلا امتیاز قربت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کی تکالیف و مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے ہر ممکن مدد و تعاون کی ،انکی عزت و محبت لوگوں کے دلوں میں بس چکی تھی اور عوام کے لئے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے تھے،وہ زات پات سے مکمل بالاتر ایک غیر متنازعہ آفیسر ہیں، انہوں نے عوام اور اداروں کے درمیان ایک ربط پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع میں بہترین و صحت مندانہ ماحول پیدا کیا ضلع میں امن و امان کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع میں ہمیشہ میرٹ کو پروان چڑھایا انکی ضلع کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ،تیل لے جانے والے گاڑیوں سے غیر ضروری بھتہ لینے کے مسئلہ کو بھی خوش اسلوبی سے حل کرکے سینکڑوں گھرانوں کے دل جیت لئے جس سے ضلع میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ،جبکہ سینکڑوں گھرانوں کے چولہے جل رہے ہیں، حتی کہ انہوں نے ضلع میں معذوروں کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن مدد و تعاون کی ،انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں مختلف پراجیکٹس شروع کرائے تھے جو عوام اور ضلع کے وسیع تر مفاد و مستقبل کے لئے بہترین اقدام ہیں انکی بے وقت ٹرانسفر سے نہ صرف ان پراجیکٹس پر منفی اثر پڑے گا بلکہ یہ پراجیکٹس سرد خانے کے نذر بھی ہوسکتے ہیں، ٹرانسفر پوسٹنگ ملازمت کا حصہ ہیں لیکن وہ نوشکی کے عوام کی ایک اہم ضرورت ہیں ابھی تک انکا تین سالہ مدت ملازمت بھی پورا نہیں ہوا ہے لہذا نوشکی کے عوام چیف سیکرٹری بلوچستان ،وزیر اعلی بلوچستان اور کمشنر رخشانی ڈویڑن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ڈپٹی کمشنر رزاق بلوچ کا تبادلہ فوری طور پر منسوخ کرکے انہیں مزید دو سال بحثیت ڈپٹی کمشنر نوشکی برقرار رکھیں تاکہ ضلع میں جو ماحول پروان چڑھانے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں انکو مزید دیرپا تقویت حاصل ہو۔

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں