غریب ڈرائیورز کے مسائل کے حل کے لئے اعلی حکام سے رابطہ کریں گے ،جمیل احمد بلوچ

کوشش ہوگی کہ کاروبار جاری رہے تاکہ تیل کے کاروبار سے منسلک خاندانوں کا گزر بسر جاری رہ سکے،ڈپٹی کمشنر نوشکی

اتوار 18 اکتوبر 2020 15:50

ْنوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2020ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی،سابق ضلعی صدر نذیر بلوچ،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حافظ مطیع الرحمان مینگل ،جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مفتی فدا الرحمان ریکی تیل ایسوسی ایشن کے صدر قادر بادینی و دیگر نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نوشکی جمیل احمد بلوچ سے ڈی سی ہاوس میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وفد نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع کے غریب تیل لے جانے والے گاڑیوں کو مستونگ کے علاقے کوتھل اور شیخ واصل میں ایف سی مستونگ کے جانب سے بلاجواز روکنے اور گاڑیاں ضبط کرنے کے حوالے سے اپنے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایف سی چلتن رائفلز غریبوں کے منہ سے نوالہ چھین رہی ہے ،گزشتہ روز بھی ضلع نوشکی کے تیل بردار گاڑیوں کو روک کر انہیں اپنے تحویل میں لے لیا جس سے ڈرائیورز اور گاڑی مالکان کو بڑے نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

سرحدی علاقے کے لوگوں کے گزر بسر کا واحد ذریعہ تیل اشیاء خوردونوش لے جانے کے کاروبار سے منسلک ہے اور عرصہ دراز سے علاقے کے سینکڑوں خاندان اپنا گزر بسر اسی سرحدی تجارت سے وابستہ کئے ہوئے ہیں اتنے عرصے سے یہ کاروبار بلا روک ٹھوک بلکہ ایف سی بلوچستان کے جانب سے بلوچستان میں بیروزگاروں کو روزگار کی فراہمی کے لئے تجارت کی اجازت دی تھی مگر مستونگ رائفلز آئی جی ایف سی اور کور کمانڈر کے احکامات کو پس پشت ڈال کر غریب ڈرائیورز کو بیروزگار اور سینکڑوں گھرانوں کو نان شبینہ کا محتاج بناکر بیروزگار بنانا چاہتی ہے۔

وفد نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ اگر ایف سی مستونگ کا یہی رویہ جاری رہا تو نوشکی کے عوام پاک ایران شاہراہ کو غیر معینہ مدت تک ٹریفک کے لئے بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ڈپٹی کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ غریب ڈرائیورز کے مسائل کے حل کے لئے اعلی حکام سے رابطہ کریں گے اور کوشش ہوگی کہ کاروبار جاری رہے تاکہ تیل کے کاروبار سے منسلک خاندانوں کا گزر بسر جاری رہ سکے۔

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں