موجودہ حکومت نے 30ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ،و زیراعلیٰ بلوچستان

گذشتہ اڑھائی سالوں کے دوران صوبے میں 18ہزار نوجوانوں کو مختلف محکموں میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں،12ہزار ملازمتیں حکومت اپنی باقی مدت کے دوران فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عمل پر عمل پیرا ہے ،جام کمال خان

جمعرات 4 فروری 2021 23:08

موجودہ حکومت نے 30ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ،و زیراعلیٰ بلوچستان
نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2021ء) و زیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے 30ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے گذشتہ اڑھائی سالوں کے دوران صوبے میں 18ہزار نوجوانوں کو مختلف محکموں میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 12ہزار ملازمتیں حکومت اپنی باقی مدت کے دوران فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عمل پر عمل پیرا ہے اسی طرح جو ترقیاتی منصوبے ہم نے عملی طور پر شروع کئے اس کے مثبت نتائج ہر شعبہ زندگی پر مرتب ہورہے ہیں اور صوبے کی عوام ان تبدیلیوں کا خود بھی مشاہدہ کررہے ہیں۔

بلوچستان اس وقت ترقی کرے گا جب تمام اضلاع میں برابری کی بنیاد پر ترقیاتی کام ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر عارف جان محمد حسنی، پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور دھنیش کمار، سابق صوبائی وزیر حاجی میر غلام دستگیر بادینی،علاقے کے معتبرین کے علاوہ بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ہم نے اقتدارسنبھالا ہے ہماری یہ اولین ترجیح رہی ہے کہ صوبے کو ترقی کی ایسی راہ پر گامزن کیا جائے جس کی منزل ایک خوشحال، پرامن اور ترقیافتہ بلوچستان ہو۔ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ ہم ایسی عوام دوست پالیسیاں مرتب کریں جس سے صوبے کی عوام کو صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، روزگار اور کاروبار کی تمام سہولتیں یکساں بنیادوں پر میسر ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوشکی میں نئی سڑکوں کی تعمیر سے مواصلاتی نظام مزید بہتر ہوگا ایسٹرن بائی پاس اور ویسٹرن بائی پاس کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی جبکہ بزنس اور ٹریڈ کے وسیع مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میونسپلٹیز کو کارپوریشن کا درجہ دینے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ نچلی سطح پر عوام کو سہولیات کی فراہمی ممکن ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے منشور کے مطابق بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے بھرپورا قدامات کررہی ہے۔ تعلیم،روزگار، بجلی، پانی اور صحت کی سہولیات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سے قبل سابق صوبائی وزیر حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے سپاسنامہ پیش کیا اور علاقے کے مسائل سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو بلوچی دستار بھی پہنائی گئی جبکہ ہندو پنچائیت ک جانب سے انہیں روایتی چادر پہنائی گئی۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نے ملک فیض محمد روڈ،قادر آباد تا زاور سڑک کی توسیع، اے ڈی سی ریذیڈنس میں اضافی کمروں، نوشکی سٹی بائی پاس اور انڈور گیمز سپورٹس کمپلیکس کا باقاعدہ سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو متعلقہ حکام نے ان منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں