نوشکی شہر کے متعدد علاقوں میں دس دنوں سے پینے کا پانی غائب

پی ایچ ای حکام کی غفلت سے علاقہ کربلا کا منظر پیش کرنے لگا،اہل نوشکی کی ڈپٹی کمشنر سے پانی کی بحالی کی اپیل

منگل 20 اکتوبر 2020 16:31

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) نوشکی شہر کے متعدد علاقوں گزشتہ دس دنوں سے پینے کا پانی غائب،پانی کا بحران سنگین ہوگیا۔پی ایچ ای حکام کی غفلت سے علاقہ کربلا کا منظر پیش کرنے لگا۔اہل نوشکی کا ڈپٹی کمشنر نوشکی سے پانی کی فوری بحال کرنے کی اپیل ۔تفصیلات کے مطابق واپڈا نے مبینہ طور پر پی ایچ ای کے جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر شہر کے متعدد واٹر سپلائی اسکیموں کی بجلی منقطع کردی ہے جس سے قاضی آباد وارڈ نمبر 1،وارڈ نمبر 2 ،عیدگاہ روڑ،فوڈ سپلائی گودام روڑ،ہندو محلہ سمیت متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت سے عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ بچے بوڑھے اور جوان سارا دن پینے کے پانی کے لئے سرگرداں ہیں اور ان علاقوں میں ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے اور عوام 700 سے 1000 تک فی ٹینکر پانی خریدنے پر مجبور ہیں،شہری علاقے کربلا کا منظر پیش کرنے لگے ہیں اور علاقہ مکین خصوصا غریب خاندانوں کی حالت انہتائی گھمبیر ہوچکی ہے گزشتہ دس دنوں سے ان علاقوں میں پینے کی پانی ناپید ہے مگر کسی عوامی نمائندے کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ پی ایچ ای اور واپڈا کے معاملات کو حل کرکے پینے کی پانی کی فراہمی کو یقینی بناتے۔

(جاری ہے)

عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،عوام بے یار و مددگار پڑے ہوئے ہیں،پی ایچ ای و واپڈا آفیسران کو عوام سے کوئی دلچسپی نہیں آفیسران مسائل کے حل کے بجائے کرپشن و کمیشن کے چکر میں سرگرداں ہیں دوسری جانب عوام کے منتخب نمائندے بھی ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں نوشکی شہر کے عوامی حلقوں نے کمانڈنٹ نوشکی ملیشیائ اور ڈپٹی کمشنر نوشکی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ قاضی آباد،بازار اور ملحقہ علاقوں میں پی ایچ ای اور واپڈا کی نااہلی کا فوری نوٹس لیکر واٹر سپلائی اسکیموں کی بجلی بحال کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اور ضلع کو ٹینکر مافیا کے مظالم سے نجات دلائیں۔

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں