ں*نوشکی پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے،میر خورشید جمالدینی

جمعرات 16 مئی 2019 21:45

ش*نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی نے نوشکی پولیس کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ نوشکی پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے،پولیس صرف بھتہ خوری ،منشیات کے لین دین اور چوروں کے ساتھ سازباز میں مصروف عمل ہے،نوشکی شہر کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے شہر میں جگہ جگہ مورچے صرف آفسر شاہی کے ورزش و چہل قدمی کو محفوظ بنانے کے لئے تعمیر کیے گئے ہیں ۔

مقدس مہینہ میں نوشکی شہرکو پولیس نے چوروں و ڈاکووں کے ہاتھوں فروخت کرکے خود مٹر گشتوں کے ذریعے خانہ پری کررہے ہیں روزانہ کے بنیاد پر لوگ اپنی قیمتی سامان ،نقدی ،موبائل، موٹرسائیکل سے محروم ہورہے ہیں مگر نوشکی پولیس چوروں ڈاکووں کے سرکوبی کے بجائے منشیات کے غیر قانونی دھندوں میں ملوث ہے اور انہیں نوشکی شہر کے لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کا کوئی پرواہ نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب سے موجودہ ڈی پی او نے چارج سنبھالا ہے شہر میں چوری و ڈکیتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ،موجودہ آفیسر صرف اپنے دفتر کے چاردیواری تک محدود ہوچکے ہیں،نہ انہیں ضلع سے کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی انہیں ضلع کے عوام کے حفاظت کی کوئی پروا ہے بلکہ ایسا لگتا ہے کہ وہ نوشکی میں امن و امان کے قیام کے بجائے بینک بیلنس میں اضافہ اور جسمانی فٹنس کے لیے تشریف لائے ہیں، انہیں عوام کی جان و مال اور امن و امان کے بگڑتی صورت حال سے کوئی دلچسپی نہیں، انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان ،صوبائی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ کرپٹ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے خلاف فوری کاروائی یقینی بناکر ضلع میں ایماندار و مخلص آفیسر کی تعیناتی یقینی بنائیں تاکہ ضلع کے عوام کی جان ومال محفوظ ہوں، انہوں نے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود لیویز کی کارکردگی پولیس کے کارکردگی سے بہتر ہے،جبکہ خطیر فنڈز اور وسائل خرچ کرنے کے باوجود پولیس کی کارکردگی انتہائی خراب ہے ۔

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں