ْنوشکی ،پی ڈی ایم کے زیراہتمام مہنگائی،غربت اور بے روزگاری کیخلاف احتجاجی ریلی نکا لی گئی

بدھ 20 اکتوبر 2021 17:31

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) پی ڈی ایم کے زیراہتمام مہنگائی،غربت اور بے روزگاری کیخلاف احتجاجی ریلی و میر گل خان نصیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔احتجاجی مظاہرہ سے پی ڈی ایم کے رہنماؤں جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی منظور احمد مینگل،بی این پی کے قائم مقام آرگنائزر عنایت مینگل،نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ربنواز شاہ،مسلم لیگ( ن) کے ضلعی صدر سردار عبدالغفار ساسولی،انجمن تاجران کے صدر ذوالفقار بلوچ،جمعیت کے ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ عبداللہ گورگیج، جمعیت کے ضلعی ترجمان محمد زکریا عادل،بی این پی کے صاحب خان مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے پاکستان میں بدترین مہنگائی سے حالات انتہائی دگرگوں ہوچکے ہیں،مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے،مہنگائی کی وجہ سے غربت انتہاء سے گزر چکی ہے لوگ بچوں سمیت خودکشیاں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

مزدور طبقہ بے روزگار ہوچکا ہے دیہاڑی دار لوگ نان شبینہ کے محتاج ہیں۔اور مڈل کلاس کے لوگ بھی پریشان ہیں ۔ پیٹرول ۔بجلی اور گیس سمیت ہرچیز دسترس سے باہر ہوچکی ہے لوگوں کی قوتِ خرید جواب دے چکی ہے ۔اور اس پر مستزاد یہ کہ بارڈری علاقے سب سیل کردئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان میں رہی سہی کاروبار کا جنازہ بھی نکال دیا گیا ہے اور تاجروں کا بدترین خسارہ ہورہا ہے ۔

آنے والے دن اس سے بھی زیادہ خطرناک ہونگے انہوں نے کہا ان سب کا ذمّہ دار سلیکٹڈ اور جعلی حکمران ہیں چاہے مرکزی ہو ں یا صوبائی ہوں ۔عمران نیازی کی نااہلی۔نالائقی اور کرپشن نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے روزانہ کے حساب سے پیٹرول۔بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیاجارہا ہے اور ملک کو ورلڈ بینک و آئی ایم ایف کی شرائط پر چلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری اور لاقانونیت کیخلاف آج سے پورے ملک میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کی شکل میں تحریک کا آ غاز ہوچکا ہے اب ا یہ احتجاج تحریک جاری رہے گی پی ڈی ایم کی قیادت نے جو حکم کیا اس پر لبیک کہیں گے اور ہر موقع پر قیادت کے شانہ بشانہ حکمرانوں کیخلاف اور اس مہنگائی کیخلاف لڑتے رہیں گے۔

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں