بارشوں اور سیلاب سے نوشکی میں زراعت کا شعبہ نقصانات سے دوچار ہوگیا

ضلعی انتظامیہ اور ریلیف اداروں کی جانب سے نقصانات کا سروے تو دور متاثرین کو یلیف ہی نہیں دیا جارہا ہے،زمیندار ایکشن کمیٹی

جمعرات 11 اگست 2022 22:41

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2022ء) زمیندار ایکشن کمیٹی کے ضلعی صدر میر محمد اعظم ماندائی نے ضلعی انتظامیہ اور ریلیف کے اداروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے نوشکی میں زراعت کو بے پناہ اور زمینداروں کو کروڑوں کے نقصانات سے دوچار کردیا ہے مگر بدقسمتی سے ضلعی انتظامیہ اور ریلیف اداروں کے جانب سے زمینداروں کے نقصانات کا سروے تو دور کی بات متاثرہ زمینداروں کو ریلیف ہی نہیں دیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں نے دیہی علاقوں کے گھروں کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو سب سے زیادہ نقصانات دئیے ہیں زمینداروں کے تیار فصلیں، بندات ،ٹیوب ویل،شمسی پلیٹ سمیت سب کچھ سیلابی ریلوں کی نزر ہوچکے ہیں ،اس وقت زمیندار بے یار و مددگار پڑے ہوئے ہیں جنکا کوئی پرسان حال نہیں عوامی نمائندوں سمیت ضلعی انتظامیہ اور ریلیف کے اداروں نے بھی زمینداروں کے نقصانات، انکے زمینوں پر سروے اور معائنہ کرنا تک گوارا نہیں کیا ہے سیلاب کو گزرے ہفتوں ہوگئے ہیں مگر زمینداروں کے جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، علاقہ کا اہم معیشت زراعت سے منسلک ہے اور علاقائی زراعت سے پورے ضلع اور علاقہ کو فائدہ پہنچتا ہے مگر ہمارے ارباب اختیار و افسر شاہی زمینداروں کے پاس اپنے جاکر اپنے جوتوں تک کو گرد آلود نہیں کیا ہے ،جس سے زمینداروں میں شدید غم و غصہ کے ساتھ ساتھ مایوسی پھیل رہی ہے جبکہ زمیندار جب اپنے نقصانات کے حوالے انتظامیہ سے رجوع کرنے انکے دفاتر جاتے ہیں تو افسر شاہی ان سے ملنا تک گوارا نہیں کرتے ہیں جو قابل افسوس ہے، انہوں نے کہاکہ زمینداروں کا واحد ذریعہ معاش تباہ ہوچکاہے جبکہ صوبائی و ضلعی حکومتوں کے جانب سے زمینداروں کو طفل تسلی تک نہیں دیا جارہا موجودہ صورتحال روز بروز ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے زمینداروں اپنی معاشی تباہی کے وجہ سے پہلے ہی شدید غم و غصہ میں ہیں جبکہ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے بے حسی مزید زمینداروں کو طیش دلا رہا ہے اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو نوشکی کے زمیندار انتہائی راست اقدام اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرینگے انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان ،چیف سیکرٹری بلوچستان ،ڈی جی پی ڈی ایم اے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلع نوشکی میں قدرتی آفت سے تباہ حال ہونے والے زمینداروں کی فوری داد رسی کریں اور انکی بحالی کے لئے فوری اقدامات کریں بصورت دیگر نوشکی کے زمیندار انتہائی سخت احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ نوشکی پر عائد ہوگی

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں