2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، تربیلا، نیلم جہلم اور دیگر بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، 960 میگاواٹ کا نیلم جہلم منصوبہ اگلے سال مکمل ہو گا، نواز شریف کسی کے کہنے پر استعفی نہیں دیں گے، ہمارے سوا کسی نے موٹرویز پر توجہ نہیں دی، ملک بھر میں ترقیاتی کام جاری رکھیں گے

وزیراعظم نواز شریف کا اوکاڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 29 اپریل 2017 18:57

2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، تربیلا، نیلم جہلم اور دیگر بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، 960 میگاواٹ کا نیلم جہلم منصوبہ اگلے سال مکمل ہو گا، نواز شریف کسی کے کہنے پر استعفی نہیں دیں گے، ہمارے سوا کسی نے موٹرویز پر توجہ نہیں دی، ملک بھر میں ترقیاتی کام جاری رکھیں گے
اوکاڑہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، تربیلا، نیلم جہلم اور دیگر بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، 960 میگاواٹ کا نیلم جہلم کا منصوبہ اگلے سال مکمل ہو گا، نواز شریف کسی کے کہنے پر استعفی نہیں دیں گے، ہمارے سوا کسی نے موٹرویز پر توجہ نہیں دی، ملک بھر میں ترقیاتی کام جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اوکاڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کا جوش و خروش 2013ء کا منظر یاد دلا رہا ہے، میں اوکاڑہ سے اور اوکاڑہ کے عوام مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر دیپالپور فلائی اوور کی تعمیر اور سوئی گیس کی فراہمی ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیپالپور فلائی اوور کی تعمیر پر 74 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت پر 20 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ وزیراعظم نے سوئی گیس کی فراہمی کیلئے 47 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ اوکاڑہ میں 200 بستروں کے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اوکاڑہ کے عوام نے 2013ء میں مسلم لیگ (ن) سے محبت کا ثبوت دیا تھا اور آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت یہاں کے عوام سے محبت کا ثبوت دے رہی ہے، اوکاڑہ پاکستان کا دل ہے اور اپنی کارکردگی کے باعث مسلم لیگ (ن) اگلے انتخابات میں پھر کامیاب ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کے پیداواری پلانٹس پر تیزی سے کام جاری ہے، 960 میگاواٹ نیلم جہلم منصوبہ اگلے سال مکمل ہو گا اور 2018ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو نہ صرف لوڈ شیڈنگ سے نجات ملے گی بلکہ بجلی سستی بھی ہو گی، ماضی کے حکمرانوں نے عوام کو اندھیروں میں رکھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، کراچی تک چھ رویہ موٹروے بن رہی ہے، پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دہشت گردی ختم ہو رہی ہے، کسان خوشحال ہو رہا ہے، کھاد سستی ہو رہی ہے اور کراچی کا امن بحال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف احتجاج کی سیاست کرتے رہیں گے، ہم سڑکیں بناتے رہیں گے اور یہ سڑکیں ناپتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ کسی کے کہنے پر استعفی نہیں دیں گے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ان کا کام نہیں اور کرکٹ کھیلو۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے دیپالپور اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھا اور سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں