اوکاڑہ میں ہیلتھ کارڈ کی تقسیم

اتوار 15 ستمبر 2019 18:15

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پروگرام ہیلتھ کارڈ سہولت کے سلسلہ میں شفیق ٹائون اوکاڑہ میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد ہواجس میں مہمان خصوصی رہنما تحریک انصاف چوہدری سلیم صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی بدولت کارڈ ہولڈرکسی بھی سرکاری ونجی ہسپتال سے اپنے اور اپنے خاندان کا سالانہ 7,20000 روپے کا علاج کروا سکے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فلاحی ریاست کے ویژن کی تکمیل کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، ضلع اوکاڑہ میں لوگوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولیات دی جا رہی ہیں جو اپنا علاج معالجہ کسی بھی اچھے ہسپتال سے کروا سکیں گے ۔انہو ں نے کہا کہ حکومت کے ویژن ،فلاحی ریاست کی تکمیل میں کوئی کوتاہی نہیں ہوگی اور عوام کو ہیلتھ کی سہولیات ان کی دہلیز تک ہر صورت فراہم کی جائیں گی ۔اس موقع پر چوہدری سلیم صادق ،رائو شاہد ڈی سی، محمد شفیق کمبوہ، فخر حسین بھٹی، عبدالحمید جج، آصف گجر، محمد اکرم ، میاں حمزہ اکرم ،غلام نبی ملک نے لوگوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں کو صحت کی سہولیات سمیت ان کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے ہم کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں