ریسکیو1122 اوکاڑہ سنٹرل اسٹیشن پر سالانہ تقریب برائے تقسیم انعامات کا انعقاد

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 4 اگست 2021 14:50

ریسکیو1122 اوکاڑہ سنٹرل اسٹیشن پر سالانہ تقریب برائے تقسیم انعامات کا انعقاد
اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ ۔ 04 اگست 2021ء،نمائندہ خصوصی،چوھدری فتح اللہ نواز بُھٹہ) ریسکیو1122 سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ پرسالانہ تقریب برائے تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمان ِ خصوصی محترم ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد علی اعجاز تھے۔  مہمانِ خصوصی کی آمد پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے انکو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ ریسکیو کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہناتھا کہ ریسکیو 1122کے نوجوان جس انداز سے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے انکا اعتماد حاصل کرتے ہیں وہ لائق تحسین ہے لوگ ان کی بہترین سروسز کی وجہ سے آنکھیں بند کر کے ان پر اعتماد کرتے ہیں ریسکیو1122کے افسران اور جوانوں نے کم وسائل میں اپنی محنت سے بھر پور نتائج حاصل کئے ہیں اور بحثیت ڈپٹی کمشنر مجھے اس بات کا احساس ہے کہ ضلع اوکاڑہ جس میں دور دراز کے علاقوں میں بھی جس طرح ریسکیو1122 والے ہر ایمرجنسی پر ریسپانس کرتے ہوئے لوگوں کے جان و مال کو بچانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں وہ جزبہ قابل دید ہے۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو1122 ضلع کا واحد ادارہ ہے جس کے بارے میں عوام کی شکایات نہیں ملتی اور مجھے فخر ہے کہ آج میں اس ادارے میں انکے افسران و اہلکاران کے درمیان موجود ہوں۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) طاہر امین،ڈپٹی ڈائریکٹر خورشید جیلانی اور سی ای او ایجوکیشن اندریاس بھٹی بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ظفر اقبال نے محکمہ کی سالانہ کار کردگی رپور ٹ پیش کی اور ضلع میں عوام کی سہولت کے لئے ریسکیو 1122کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد علی اعجاز نے سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر بیسٹ ریسکیورز میں شیلڈز تقسیم کی جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کو پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر اعزازی شیلڈ دی۔ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کو پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی جانب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے سوؤنیئر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں