ضلعی انتظامیہ شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد بارے ہدایات پر سوفیصد عملدرآمد کیلئے وسائل بروئے کار لارہی ہے، ڈی سی

بدھ 11 جولائی 2018 17:54

اوکاڑہ۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) ضلعی انتظامیہ شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پنجاب حکومت کی ہدایات پر سوفی صد عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے، شہری اور دیہی پولنگ اسٹیشنوں پر یکساں طور پر تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں، نمبردار اپنے اپنے موضع جات میں پولنگ عملہ سے تعاون کریں اور الیکشن کمیشن اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اقدامات کریں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور نمبرداروںکی ذمہ داریوں سے متعلق منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوںنے کہا کہ نمبردار محکمہ ریونیو میں کلیدی حیثیت کے حامل ہیں اور موضع جات میں ان کی حثیت مسلمہ ہے ، انہوں نے نمبرداروں کو ہدایت کی کہ پولنگ کے عملہ سے تعاون کریں، پولنگ سٹاف الیکشن سے ایک دن قبل متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے سامان سمیت پہنچ جائیں گے اور وہیں پر قیام کریں گے، نمبردارپولنگ اسٹیشن پر ہی ان کے قیام کیلئے تعاون کریں، پولنگ اسٹیشن پر ٹھنڈے پانی کا انتظام کریں اور جن پولنگ اسٹیشن پر بجلی کا انتظام نہیں ہے وہاں پربجلی کی فوری فراہمی کیلئے واپڈا کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر نے نمبرداروں کو بتایا کہ پولنگ والے دن پولنگ اسٹیشن کے 400میٹر کے اندر موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی اور اس سلسلہ میں وہ متعلقہ آبادی کو آگاہ کریں ۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں