اساتذہ اور والدین نوجوان نسل کو پاکستان کی فکری اساس سے روشناس کروائیں ،ڈپٹی کمشنر

منگل 14 اگست 2018 22:00

اوکاڑہ۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنررضوان نذیر نے جشن آزادی کے موقع پر ڈی سی آفس میں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں کے نعرہ کو عملی تعبیر دینا ہے کیونکہ وطن عزیز اس وقت مشکل حالات سے گذر رہا ہے ہمارا اتفاق و اتحاد ،اخوت اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ دشمن کے ناپا ک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ازحدضروری ہے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ؒ اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار اور نظریات کو نئی نسل تک پہنچانے ،ایمان ،اتحاد ،تنظیم کے سبق کو ہمیشہ مد نظر رکھنے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی ۔

شرکاء تقریب کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو پاکستان کی فکری اساس سے روشناس کروائیں اور تحریک پاکستان میں اکابرین کی قربانیوں اور جد و جہد سے متعلق بتائیں تاکہ انہیں مادر وطن کی قدر و قیمت کا احساس ہو 14اگست کا دن نہ صرف خوشیاں منانے کا دن ہے بلکہ صحیح معنوں میں وطن عزیز کی ترقی اور اسے ہمیشہ قائم و دائم رکھنے کے لئے خلوص دل سے کوشاں رہنے کے عہد کا دن ہے 14اگست خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ احساس ذمہ داری کو اجاگر کرنے کا بھی دن ہے جس میں ہم نے اپنے آپ سے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے کہا آج کے دن آزادی کی نعمت کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اس ملک میں برابری ،مساوات کے چلن کو عام کرنے ،جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے اور تعلیم کی روشنی میں وطن کے کونے کونے کو منور کرنے کے لئے عملی جد و جہد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں ہمیں آج یوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنررضوان نذیر ،ڈی پی اوذیشان اصغر نے قومی پرچم لہرایا سائرن کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی پولیس اور ریسکیو 1122کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی ۔ڈپٹی کمشنررضوان نذیر اور ڈی پی اوذیشان اصغرنے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذیشان اصغر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم شہزاد،اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ محمد شاہد ،سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلا ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122چوہدری ظفر اقبال، صوبائی اور وفاتی محکموں کے سر براہان ،عمائدین علاقہ ،نمایاں شہریوں ، خواتین و بچوں ،سکولوں و کالجز کے بچوں ،والدین سرکاری اہلکاران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

تقریب میں گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول کی طالبات ، سپیشل ایجوکیشن سکول اوکاڑہ کے بچوں نے ملی نغمے ٹیبلو اور ترانے پیش کئے ۔ ڈپٹی کمشنررضوان نذیر اور ڈی پی اوذیشان اصغر نے ساہیوال بورڈ میٹرک کے امتحانات میں اول ،دوئم ،سوئم اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں کیش پرائز اور شیلڈز تقسیم کیںبعد ازاںڈپٹی کمشنررضوان نذیر اور ڈی پی اوذیشان اصغرنے نہر لوئر باری دو آب پر سر سبز پاکستان مہم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور اس مہم کے حوالہ سے پودے بھی لگائے اس موقع پر طلباء طالبات ،سول سوسائٹی کے افراد ،سرکاری افسران و ملازمین کی طرف سے 5منٹ میں 500پودے لگائے گئے۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتا ل سٹی اور سائوتھ سٹی کا دورہ کیا اور جشن آزادی کی خوشی میں مریضوں میں مٹھائی اور پھل تقسیم کئے ،اس موقع پر پاکستان کی 71ویں سالگرہ کے حوالہ سے کیک بھی کاٹے گئے۔ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے دار الا مان/ شیلٹر ہوم کا دورہ بھی کیا اور دار الا مان میں مقیم خواتین و بچوں میں مٹھائی تقسیم کی اور کیک بھی کاٹا ۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں