سر سبز و شاداب شجر کاری مہم میں طالب علموں ،اساتذہ اور سرکاری ملازمین کا خصوصی کردار ہے،ڈپٹی کمشنر ، بریگیڈئیر رفعت اللہ

ہفتہ 18 اگست 2018 21:16

اوکاڑہ۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) بریگیڈئیر رفعت اللہ کمانڈر 325 بر یگیڈ اور ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید ماحولیاتی آلودگی ،پانی کی کمی اور جنگلات کی قلت کا سامنا کر رہا ہے، وطن عزیز کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے ،جنگلات اور پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہر پاکستانی اپنے حصے کا پودہ لگائے اور اس کی حفاظت کرے ،سر سبز و شاداب شجر کاری مہم میں طالب علموں ،اساتذہ اور سرکاری ملازمین کا خصوصی کردار ہے یہ لوگ نہ صرف خود پودے لگائیں بلکہ معاشرہ کے دوسرے طبقات کو بھی اس مہم میں شامل کرنے کے لئے کلیدی کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ملٹری فارمز ہیڈکوارٹر زگو رنمنٹ ہائی سکول فار بوائز میں سر سبز و شاداب پاکستان شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن رانا سہیل اظہر ڈی ای او سیکنڈری محمد ہیڈماسٹر اندر یا س بھٹی سمیت ضلعی انتظا میہ پاک فوج کے متعلقہ افسران اساتذہ کرام اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، بریگیڈئیر رفعت اللہ کمانڈر 325 بر یگیڈ اور ڈپٹی کمشنر رضوان نذیرنے کہا کہ یہ تقریب سر سبز و شاداب پاکستان شجرکاری مہم کی ان تقاریب کا تسلسل ہے جو پاک آرمی اور سویلین اداروں کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی حالات کے تناظر میں پودے لگانا اہم ترین ذمہ داری ہے، آج کے لگائے ہوئے پودے ایک طویل عرصہ تک پاکستان کو فائدہ دیں گے، پودے لگانا قومی فریضہ ہے اور سب سے اہم ترین مسلہ بھی ،اگر آج ہم نے پودے نہ لگائے تو آنے والے دنوں میں ہمارے پاس اس کا کوئی جواب نہ ہو گا ،ہمیں مل کر وطن عزیز کو سر سبز و شاداب بنانا ہے ، دین اسلام میں درخت لگانے کو صدقہ جاریہ قرار دیا گیا ہے ،نبی کریم ٴْﷺ نے فتح مکہ کے موقع پر دیگر احکامات کے ساتھ ساتھ سر سبز درختوں کو کاٹنے سے منع فرمایا ہے جن سے ان کی اہمیت کا بخوبی اندازا ہوتا ہے، انہوںنے اساتذہ کرام اور طالب علموں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے آگے بڑھیں کیونکہ اس ملک کا ہم پر قرض ہے اور قرض کو اتارنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہر شخص اپنے حصے کے پودے لگائے ۔

(جاری ہے)

بریگیڈئیر رفعت اللہ نے کہا کہ سر سبز و شاداب شجر کاری مہم میں پاک فوج ایک کروڑ پودے لگائے گی جس میں سے 20لاکھ پودے روان مون سون سیزن میں لگائے جائیں گے ،ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ میں پاک فوج اور عوام کے ساتھ مل کر رواں مون سون میں 4لاکھ 25ہزار پودے لگائے گی، انہوں نے کہا کہ شہروں ،دیہات ،گلی محلوں ،نہروں اور سڑکات کے کناروں پر مناسب مقامات پر پودے لگائے جائیں تاکہ مستقبل میں جب یہ پودے بڑے ہو جائیں تو گذر گاہیں متاثر نہ ہوں بعد ازاں بریگیڈئیر رفعت اللہ اور ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے ایرو کیریا کے پودے لگا کر مہم کا آغاز کیا، اس موقع پر سر سبز و شاداب شجر کاری مہم کی کامیابی اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔

علاوہ ازیں بریگیڈئیر رفعت اللہ اور ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے گورنمنٹ پرائمری سکول 25 فور ایل اوکاڑہ،گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول رینالہ خورد،گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول دیپالپور میں بھی سر سبز و شاداب پاکستان مہم کے تحت پودے لگائے ۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں