کامیابی کیلئے سچی لگن و محنت پہلا زینہ ہے ، اسسٹنٹ کمشنر

منگل 18 ستمبر 2018 21:28

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) اسسٹنٹ کمشنر رافعہ قیوم نے کہا ہے کہ کامیابی سے ہمکنار ہونے کیلئے سچی لگن اور محنت پہلا زینہ ہے جس کیلئے انسان کے اند رخود اعتمادی کا عنصر ہونابے حد ضروری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ کے ہونہار طالب علم ساجد علی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، کالج کے پرنسپل ظفر علی ٹیپو نے اپنے خطاب میں بتایا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ کے طالب علموںنے گزشتہ چند سالوں میں پنجاب یونیورسٹی اور ساہیوال بورڈ میںنمایاں پوزیشن حاصل کر کے ادارہ کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اساتذہ اور والدین کی عزت میں اضافہ کیا ہے ، اس موقع پر طلبا کے علاوہ وائس پرنسپل شوکت چیمہ، پروفیسر نذر محمدچودھری ،پروفیسر ریاض خان ،پروفیسر کاشف مجید ،پروفیسر محمد حامد ،پروفیسر عثمان غنی ،لیکچرار اسماء رشید اورمیڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر اشتیاق احمد خاں بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انٹر میڈیٹ کے نتائج میں جس طرح متوسط اور غریب گھرانوںکے بچوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ ملک وملت کیلئے سرمایہ افتخار ہیں،انہوں نے کہا کہ بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کر نیوالے اکثر بچے بنیادی سہولتوں سے محروم اور ان کا تعلق چھوٹے قصبوں و دیہات سے ہے، ساجد علی کے والد فروٹ فروش ہیں لیکن طالب علم نے محنت کو اپنا شعار بنایا جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے، تقریب کے اختتام پر طالب علم کو ادارہ کی جانب سے اعزازی سندمیڈل اور کیش پرائز سے نوازا گیا جبکہ پرنسپل ظفر علی ٹیپو نے اپنے اورسٹاف کی طرف سے طلبا کی حوصلہ افزائی کرنے پرمہمان خصوصی رافعیہ قیوم اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ کو خراج تحسین پیش کیا،یادرہے طالب علم ساجد علی ولد نور احمد رول نمبر327938 نے سالانہ امتحانات انٹرمیڈیٹ ساہیوال بورڈ آرٹس گروپ میں 978نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں