اوکاڑہ، پولیو کے مرض کے خاتمہ کے لئے ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اقدامات کرنے ہیں،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:20

اوکاڑہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنرمریم خاںنے کہا ہے کہ پولیو کے مرض کے خاتمہ کے لئے حکومتی سطح پر جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اقدامات کرنے ہیں، مہلک امراض کے خاتمہ کے لئے ہمیں طے شدہ گائیڈ لائن پر عمل در آمد کے ساتھ ساتھ سماجی رویوں میں تبدیلی کے لئے بھی اقدامات کرنے ہیں، ہمیں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے ارد گرد لوگوں کو صحت مند معاشرہ کے قیام کے لئے متحرک کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مریم خاںنے کہا ہے کہ پولیو کا مرض پاکستان سے ہمیشہ کے لئے ختم ہونے کے قریب ہے ہمیں اپنی کاوشوں کو اس مربوط انداز سے جاری رکھنا ہے تاکہ پاکستان کا ہر بچہ پولیو کے وائرس سے ہمیشہ کے لئے محفوظ ہو سکے، محکمہ صحت کی ٹیمیں دور دراز کے دیہاتوں ،قصبات اور دریائی علاقوں کے ساتھ ساتھ خانہ بدوشو ں کی بستیوں اور دوسرے صوبوں سے کام کاج کے لئے آنے والے لوگوں کی آبادیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ، اسسٹنٹ کمشنرعمر مقبول ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مہر محمد ارشاد،ایم ایس صاحبان ،سمیت این جی اوز کے نمائندے اور معاشرہ کے صاحب الرائے لوگ بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنرمریم خاں نی5سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسیئن کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ضلع اوکاڑہ پولیو فری ہے اور ہمیں اپنی کوششوں کو مربوط انداز میں آگے بڑھانا ہے تاکہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کا خواب شرمند ہ ء تعبیر ہو سکے ۔انہوں نے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف اور فیلڈ عملہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وہ پوری لگن ،محنت و دیانتداری سے سرکاری ذمہ داریاں ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا ہر بچہ ہمارے لئے انتہائی اہم ہے اس کو مہلک امراض سے بچانے کے لئے حکومت نے جو گائیڈ لائن دی ہے اس پر سو فیصد عمل در آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو انسداد پولیو ویکسیئن کے قطرے ضرور پلوائیں ،اپنے ارد گرد لوگوں کو اس انسداد پولیو مہم سے آگاہ کریں اور اگر کوئی بچہ اس تین روزہ مہم میں انسداد پولیو کی ویکسیئن کے قطرے پینے سے رہ جائے تو اس کی اطلاع فوری طور پر محکمہ صحت کے افسران یا کنٹرول روم پر دیں تاکہ کیچ اپ ڈیز میں اس بچے کو فوری طور پر انسدا د پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔

اس موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹرعبد المجید نے ضلع اوکاڑ ہ میں 21جنوری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔

متعلقہ عنوان :

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں