جادوگروں کے ہاتھوں بچی کی لاش قبر سے نکالنے کا واقعہ،قبر کشائی کا حکم

ہمزاد قابو کرنے کی خاطر بچی کی لاش پر جادو ٹونہ کیا تھا،گرفتار ملزم

پیر 9 مئی 2022 22:34

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2022ء) قبر سے بچی کی لاش نکال کر جادوئی عمل کے واقعہ کی سماعت ،عدالت نے قبر کشائی کا حکم دیدی،دو ملزمان گرفتار ہیں ،اعتراف کر لیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی نوٹس لیا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شہری یاسر کی بیٹی دو سالہ زینب کا انتقال ہونے پر اسے جانے مولا قبرستان دفنا دیا گیا، باپ تدفین کے اگلے روز قبرستان گیا تو لاش قبرسے باہر پڑی تھی،واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کمشنر اورآرپی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کی تھی جس پر پولیس نے 2 ملزمان نعیم طاہر اور گورکن سلیم کو گرفتارکرلیا ،ملزم نعیم طاہر نے ہمزاد کو قابو کرنے اورجادو ٹونے کی غرض سے بچی کو قبر سے نکالنے کا اعتراف کیا تھا،آن لائن کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ وہ بچوں کی لاشوں کو قبروں سے نکال کر جادو ٹونا کرتاتھا ،دوسری طرف گزشتہ روزبچی کے ورثا نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی بچی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے جس پر عدالت نے قبر کشائی کا حکم دے دیاہے جس کے مطابق مجسٹریٹ قبر کشائی کے لئے ڈاکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ قبرستان جائیں گے،پولیس کیس کے دیگر پہلوئوں پر بھی تفتیش کر رہی ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز نے قبروں سے لاشیں نکالنے کے واقعات کے پیش نظر صوبہ بھر میں جعلی عاملوں اور جادوٹونہ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں ۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں