اورکزئی ایجنسی میں بم دھماکہ 25 افراد جاں بحق ‘35زخمی

دھماکہ لوئر اورکزئی کے علاقے کلایا بازار میں ہوا‘ سیکورٹی ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 23 نومبر 2018 11:34

اورکزئی ایجنسی میں بم دھماکہ 25 افراد جاں بحق ‘35زخمی
اورکزئی ایجنسی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 نومبر۔2018ء) صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئی ایجنسی کے علاقے کلایا بازار میں دھماکے سے 25 افراد جاں بحق اور 35 سےزائد زخمی ہوگئے. سیکورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا مقامی مدرسے کے گیٹ کے سامنے ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی. ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی و جاں بحق ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے.

دھماکے کے بعد متاثرہ علاقے کو سیکورٹی اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کیے جارہے ہیں.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا. شہر قائد میں چینی قونصل خانے کے قریب حملہ آوروں نے سیکورٹی گارڈز پر فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی گئی.

ڈی آئی جی جنوبی جاوید عالم اوڈھو نے چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا. ڈی آئی جی جنوبی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا، جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ برآمد کیا گیا ہے. علاوہ ازیں جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے اس بات کی تصدیق کی کہ 2 اہلکاروں کی لاشوں جبکہ ایک زخمی کو ہسپتال لایا گیا ہے.

اطلاعات کے مطابق 3 سے 4 افراد نے کلفٹن کے علاقے میں واقعے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی اہلکاروں نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا. قونصل خانے کے قریب ایک سفید رنگ کی مشکوک کار کو بھی دیکھا گیا اور اس بات کا شبہ ظاہر کیا گیا کہ دہشت گرد اسی گاڑی میں آئے تھے. فائرنگ کی اطلاعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کیا جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت بھی روک دی گئی. اس افسوسناک واقعہ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور دونوں راہنماﺅں نے چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے.

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں