اورکرزئی ایجنسی فیروز قبائل نے گرفتار کئے گئے چار خود کش حملہ آور اور چودہ عسکریت پسند پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کردیئے ،باجوڑایجنسی میں 9 مکان نذر آتش،وزیرستان میں جاسوسی طیاروں کی پروازیں

ہفتہ 4 اکتوبر 2008 13:36

اورکزئی ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر۔2008ء) اورکزئی ایجنسی میں فیروز خیل مقامی قبائل نے گرفتار کئے گئے چودہ عسکریت پسند اور چار خود کش حملہ آوروں کو پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کردیا میڈیا رپورٹس کے مطابق چودہ عسکریت پسندوں کو فیروز خیل قبائل کے لشکر نے دو روز قبل جھڑپ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جھڑپ میں دو عسکریت پسند مارے گئے تھے قبائل نے بارود سے بھری دو گاڑیاں بھی قبضے میں لیں تھیں جبکہ قبائل نے چھاپہ مار کر چار خود کش حملہ آور ، خود کش جیکٹس اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ ان خود کش حملہ آور اور عسکریت پسندوں کو خود سزا دینگے تاہم حکومت کی درخواست پر فیروز خیل قبائل نے ان گرفتار عسکریت پسندوں اور خود کش حملہ آوروں کو پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کردیا ۔

(جاری ہے)

ادھرباجوڑ ایجنسی میں سلارزئی قبائلی لشکر کی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ گزشتہ دو روز کے دوران عسکریت پسندوں کے نومکانات نذر آتش کئے گئے ہیں۔تحصیل ماموند اور چار منگ میں بھی شدت پسندوں سے نمٹنے کے لئے قبائلی لشکر تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق تحصیل چارمنگ کے علاقوں لوئے سم، رشکئی، ٹانگ خطہ میں سیکیورٹی فورسز شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر گولہ باری کر رہی ہیں۔

ہیڈ کوارٹر خار اور نواحی علاقوں سے کرفیو اٹھالیا گیا ہے دیگر علاقوں میں کرفیو برقرار ہے ۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے گزشتہ روز افغان مہاجرین کو باجوڑ سے نکلنے کے لئے تین روز کی مہلت دی ہے جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی جائے گی۔انتظامیہ نے مقامی عمائدین سے بھی اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے ۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل میر علی کے علاقے خوشحالی طوری خیل میں مقامی قبائل نے امریکی جاسوس طیارے پر فائرنگ کی ہے ۔ جس کے بعد جاسوس طیارہ افغانستان واپس چلا گیا ۔

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں