اورکزئی ایجنسی ،خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 55 ہوگئی ،کئی زخمیوں کی حالت نازک۔54 کی شناخت ہوگئی ، مرنیوالوں میں سے13 افراد کا تعلق ایک ہی علاقہ ڈیری سے ہے

ہفتہ 11 اکتوبر 2008 14:27

اورکزئی ایجنسی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11 اکتوبر2008 )اورکزئی ایجنسی میں جمعہ کو ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے تاہم مزید کئی زخمیو ں حالت نازک ہے ۔ذرائع کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے علاقے غلجو کے گاوٴں حادی زئی میں گزشتہ روز جرگے پر ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے ۔

جبکہ مزید کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔جان بحق افراد میں سے 54 کی شناخت ہوگئی ہے جنہیں مختلف علاقوں میں دفنایا جا رہا ہے ۔ 13 افراد کا تعلق ایک ہی علاقہ ڈیری سے ہے ۔ایک لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ۔۔جاں بحق پونے والے افراد کو مختلف علاقوں میں سپرد خاک کیا جا رہا ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق 40 افراد جائے وقوعہ اور حادی زئی ہسپتال میں جاں بحق ہوئے ۔

(جاری ہے)

جبکہ پندرہ افراد کوہاٹ اور ہنگو ہسپتال کے علاوہ راستے میں دم توڑ گئے ۔جرگہ ممبرانار گل نے بتایا کہ جرگہ میں طالبان کے خلاف لشکر کشی کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جارہا تھا کہ خود کش حملہ آور نے اپنی گاڑی کو جس جگہ جر گہ منعقد کیاگیا تھا خود کودھماکہ سے اڑادیا۔جرگے میں شرکت کے لیے آئے ایک قبائلی بزرگ قیمت خان اورکزئی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم اس وقت طالبان کو علاقے سے نکالنے کے لیے ایک لشکر تیار کر رہے تھے کہ عین اس وقت حملہ ہو گیا۔

زخمیوں کے ساتھ ہنگو ہسپتال آنے والے ایک عینی شاہد مالم شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ جرگے کے دوران ایک پک اپ تیزی سے آئی۔ ابھی لوگ خود کو سنبھال ہی رہے تھے کہ گاڑی ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ ان کے مطابق وہ زمین پر لیٹ گئے اور اس دوران انہیں بارود کے کالے بادلوں کے سوا کچھ نظر نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب دھواں چھٹ گیا تو ہر طرف لوگوں کے کراہنے کی آوازیں آتی رہیں تو کہیں پر جسم کے لوتھڑے پڑے ہوئے تھے۔

انہیں یہ اندازہ نہیں ہو سکا کہ کتنے لوگ ہلاک و زخمی ہوئے ہیں ہم نے لاشوں اور زخمیوں کو اٹھانا شروع کیا مگر تعداد اتنی زیادہ تھی کہ سب ہی جلدی اٹھانا بہت مشکل لگ رہا تھا۔ ایک اور عینی شاہد نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اتنا زوردار دھماکہ اور بڑی تباہی نہیں دیکھی۔ میں نے کبھی انسانوں کو لوتھڑوں کی شکل میں دیکھنے کا تصور نہیں کیا تھا۔ یہ حالت دیکھ کر مجھے خود پر بھی زندہ ہونے کا یقین نہیں آ رہا۔فوری طور پر کسی نے اورکزئی ایجنسی میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں