اورکزئی ایجنسی  نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ  گاڑی میں سوار 8 افراد ہلاک

جمعرات 23 اکتوبر 2008 20:20

اورکزئی ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر۔2008ء) قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کرکے 8 افراد کو ہلاک کردیا۔ اورکزئی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق واقعہ جمعرات کی دوپہر لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے اتمان خیل میں بابرکی صاحب کے مقام پر پیش آیا۔ پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ سواریوں سے بھری ایک گاڑی ابلن روڈ پر جاری تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے اس پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے گاڑی میں سوار 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

واقعہ کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق فیروز خیل قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد قبائلی مشران تھے تاہم سرکاری طورپر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے سڑک پر جانے والی گاڑیوں سے 8 افراد کو اتار کر قتل کیا اور اسکی لاشیں اتمان خیل کے علاقے پھینک کر نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا کہ واقعہ کے بعد علاقے میں حالات سخت کشیدہ ہوگئے ہیں۔ تاحال کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل فیروز خیل کے علاقے میں ایک قبائلی جرگے نے لشکر تشکیل دیا تھا جس میں علاقے سے غیر مقامی طالبان کے خلاف کارروائی کرنے کافیصلہ کیا گیا تھا۔ تقریباً دو ہفتے قبل بالائی اورکزئی ایجنسی کے علاقے خدی زئی میں قبائلی جرگے پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں اسی کے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ہلاک ہونے والوں میں قبائلی مشران کی بھی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔

متعلقہ عنوان :

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں