اپنی خواہشات پورا کرنے کیلئے کرپشن کرنا معاشرے کیلئے انتہائی ناسور ہے، اے ڈی سی اورکزئی

منگل 10 دسمبر 2019 16:53

اورکزئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) ڈیوٹی میں کوتاہی ،اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنا ،معیاری کام نہ کرنا بھی کرپشن ہے، اپنی خواہشات پورا کرنے کیلئے کرپشن کرنا معاشرے کیلئے انتہائی ناسور ہے، سرکاری اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی کرپشن میں ملو ث ہوتے ہیں، آج عہد کریں کہ نہ خود کرپشن کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرضلع اورکزئی طارق خان نے اورکزئی ہیڈ کوارٹر جرگہ ہال میں کرپشن ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اے سی اپر اورکزئی حیدر حسین ،اے ڈی جنگلات شاہد نور ،ڈی ایچ او نواب علی ،تمام سرکاری محکموں کے افسران علاقہ کے مشران اور سکولوں کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی طارق خان نے کہاکہ کرپشن کرنے کی مختلف اقسام ہیں، کرپشن پیسے لینے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی نہ کرنا ،ڈیوٹی میں کوتاہی کرنا ،حرام تنخواہ لینا بھی کرپشن ہے، اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنا ،معیاری کام کے بجائے ناقص کام کرنا بھی کرپشن ہے، ملاوٹ، مہنگائی اور دو نمبر چیزیں فروخت کرنا بھی کرپشن ہے، آئیں آج عہد کریں کہ خود بھی کرپشن نہیں کریںگے اور کسی اور کو بھی کرپشن نہیں کرنے دیںگے، اس میں میڈیا کا بھی بہت اہم رول ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور اس کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے دوران سکول کے طلباء نے کرپشن کے حوالے سے تقاریریں کیں۔ تقریب کے بعد اے ڈ ی سی کی قیادت میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے واک بھی کی گئی جس میں تمام سرکاری محکموں کے افسران، علاقہ عوام اور طلباء نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں