انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی اور بے قاعدگیوں کے خلاف ہنگو میں امیدوار اور ان کے سپورٹرز سڑکوں پر نکل آئے

جمعہ 27 جولائی 2018 19:26

اورکزئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2018ء) انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی اور بے قاعدگیوں کے خلاف ہنگو میں امیدوار اور ان کے سپورٹرز سڑکوں پر نکل آئے۔کوہاٹ ہنگو مین روڈ دو گھنٹوں تک ٹریفک کے لئے بند ۔ ہنگو پریس کلب کے سامنے مظاہرین کی خلائی مخلوق اور الیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ لاڈلے کو جتوانے کے لئے خلائی مخلوق نے جو کردار ادا کیا و نا قابل برداشت،نا قابل قبول اور شرم ناک ہے۔

ووٹنگ روک کر ٹھپے لگائے گئے۔ اگر سلیکشن کرنی تھی تو اس ڈرامے پر اربوں روپے کیوں خرچ کیا گیا۔ایم ایم اے کے ناکام امیدوار قومی اسمبلی عتیق الرحمان ،صوبائی اسمبلی کے امیدواروں مفتی عبید اللہ ،جہانزیب جاسم ،جے یو آئی کے ضلعی امیر مفتی دین اظہر حقانی و دیگر کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انتخابی عمل میں بے قاعدگیوں اور خلائی مخلوق کے کردار کے خلاف ہنگو میں ایم ایم اے کے امیدواروں نے زبردست احتجاج کیا۔

مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہنگو پریس کلب کے سامنے مین روڈ پر دھرنا دیا اور حکومت الیکشن کمیشن اور خلائی مخلوق کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایم اے کے امیدواروں عتیق الرحمان ،مفتی عبید اللہ ، جہانزیب جاسم ،جے یو آئی کے ضلعی امیر مفتی اظہر ، تحصیل ناظم ہنگو عامر غنی،تحصیل ناظم ٹل حاجی پیائو زار وزیر اور دیگر نے کہا کہ الیکشن کے دوران بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی گئی دو گھنٹوں تک پولنگ سٹیشنز کے عملے کو باہر نکالا گیا اور ٹھپے پہ ٹھپے لگائے گئے۔

سیکورٹی فورسز اپنی نگرانی میں من پسند ریٹ حاصل کرنے کے لئے متحرک رہی جبکہ فارم45بھی نہ دیا گیااوراسطرح اس الیکشن کو تماشہ بنا دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے اپنی ساکھ کو اپنی عمل سے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔اگر لاڈلے کو جتوانا ہی تھا تو پھر الیکشن کا تماشہ لگانے کی کیا ضرورت تھی، مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی زیر نگرانی گول میز کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے اس میں جو فیصلے کئے گئے اور اپنے قائد کی طرف سے جو ہدایات ملی ان کی روشنی میں آئیندہ کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دو پولنگ سٹیشن یا ایک دو حلقوں کی بات نہیں پورے پاکستان میں تاریخ ساز دھاندلی ہوئی ہے اور ہم ایسے انتخابات کو نہ مانتے ہیں اور نہ ہی مانیں گے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں الیکشن کو کلعدم قرار دیا جائے۔

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں