ہنگو میں بھی جمعیت علماء اسلام ف کے زیر اہتمام آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے

علماء کرام اورکارکنان سمیت علاقہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت،مشتعل مظاہرین کی پتھرائوسے پریس کلب کے شیشے ٹوٹ گئے

جمعرات 1 نومبر 2018 21:35

اورکزئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 نومبر2018ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح ضلع ہنگو میں بھی جمعیت علماء اسلام ف کے زیر اہتمام آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے۔علماء کرام اورکارکنان سمیت علاقہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت ۔چند مظاہرین کی سرکاری دفاتر کی طرف نقل و حرکت پر ڈسٹرکٹ لیوی کی فائرنگ ۔ مشتعل مظاہرین کی پتھرائوسے پریس کلب کے شیشے ٹوٹ گئے۔

فائرنگ کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔ مظاہرے کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علماء کرام اور عوام نے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین رسالت کیس میں ملزمہ آسیہ مسیح کی رہائی کا حکم دینے کے بعدہنگو اور تحصیل ٹل میں جمعیت علماء اسلام ف کے زیر اہتما م احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں علماء کرام اور کارکنان سمیت علاقہ عوام نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ہنگو الشیراوی مسجد سے ریلوے چوک تک ریلی نکالی گئی اور ریلوے چوک پر شدید احتجاج کا کیا گیاجبکہ تحصیل ٹل میں درسمند کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نعرہ بازی کی گئی۔ہنگو اور ٹل میںمظاہروں سے خطاب میں مقررین مولاناتحسین اللہ، مفتی عبید اللہ، مولانا رحمت اللہ زار، مولانا میاں حسین جلالی، قاری مطیع اللہ، ضیاء الاسلام و دیگر نے آسیہ مسیح کی سزا موت فیصلہ کی معطلی اور باعزت بری کے خلاف شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ فیصلے سے امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے اور اس طرح کے فیصلے پاکستان اور اسلام کیلئے خطرہ ہے۔

مقررین نے کہا کہ آسیہ مسیح نے نبی پاک ص کی شان مین گستاخی کی ہے اور اُن کو سزا ملنی چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس قسم کی کے فیصلے کی حمایت کے بجائے فیصلہ کو قانون کے مطابق قرار دیا ہے جو کہ اسلام دشمن پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان آسیہ مسیح کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے انہیں سزا دی جائے ۔ اس موقع پر ہنگو میںمظاہرے کے دوران چند مظاہرین نے سرکاری دفاتر کی طرف نقل و حرکت کرتے ہوئے پتھرائو کیا جبکہ ڈسٹرکٹ لیوی کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے ۔ مظاہرین کی پتھرائو سے پریس کلب ہنگو کے شیشے ٹوٹ گئے تا ہم کوئی جانی نقصان نہیں ہو ا۔

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں