اورکزئی، شاڈالو میں حد بندی کے تنازعہ پر دو قبائیل کے مابین فائرنگ، دو افراد جاںبحق

بدھ 29 اپریل 2020 19:50

اورکزئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2020ء) لوئر اورکزئی کے علاقہ شاڈالو میں حد بندی کے تنازعہ پر ضلع خیبر کے اکاخیل قبیلے اور ضلع اورکزئی کے بیزوٹ قبیلے کے افراد کے مابین کراس فائرنگ سے اکاخیل قبیلے کے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیس نے بیزوٹ قبیلے کے دو افراد کو گرفتارکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی لوئر اورکزئی محبوب خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ روز ضلع اورکزئی اور ضلع خیبر کے سرحدی متنازعہ علاقہ شاڈالو میں حد بندی کے تنازعہ پر ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے قبیلے اکاخیل اور ضلع اورکزئی کے قبیلے بیزوٹ خیل کے افراد کے مابین ایک دوسرے پر کراس فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں اکاخیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو افراد ولی محمد اور ابراہیم موقع پر جاں بحق ہو گئے، پولیس فرنٹیئر کور اور اورکزئی سکاوٹس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیکر حالات قابو میں کرلئے، ڈی ایس پی محبوب خان نے مزید بتایاکہ پولیس نے بیزوٹ خیل قبیلے کے دو افراد کو گرفتارکرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ واقعہ کا مقدمہ تھانہ کلایا میں درج کرلیا گیاہے۔ یاد رہے کہ شاڈالو اس متنازعہ علاقے پر اس سے پہلے بھی اورکزئی اور ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے افریدی قبائل کے مابین کئی لڑائیاں ہو چکی ہیں مگر ابھی تک یہ تنازعہ حل طلب ہے۔

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں