اورکزئی، کلایہ ہیڈ کوارٹر میں خطیر رقم سے ماڈل پولیس اسٹیشن بنایا جائے گا

پولیس شہداء کے لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ڈی پی او

ہفتہ 8 اگست 2020 18:09

اورکزئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع اورکزئی نثار احمد خان نے کہا ہے کہ لوئر اورکزئی کلایہ ہیڈ کوارٹر میں خطیر رقم سے ماڈل کلایہ پولیس اسٹیشن بنایا جائے گا جو کہ تمام تر سہولیات سے آراستہ ہوگا، پولیس شہداء کے لواحقین اور بچوں کے ساتھ پولیس شانہ بشانہ کھڑی ہے، سابقہ لیویز اور خاصہ دار فورس کے بچوں کو بھی بہت جلد پولیس کی جانب سے تنخواہیں شروع ہو جائیں گی، تمام اورکزئی قبائل شجر کاری مہم میں حصہ لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہید پولیس اہلکاروں کے بچوں کو مالی امداد اور تحائف دینے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اورکزئی کے تمام شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو مالی امداد بلا سود قرضہ اور تنخواہیں دی جا رہی ہیں، شہید اہلکار کے بچوں کو بھی پولیس میں بھرتی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پولیس میں انضمام سے پہلے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید سابقہ فاٹا کے لیویز اور خاصہ دار فورس کے لواحقین کو بھی تنخواہیں اور دیگر مراعات دی جائیِں، اس پر کام شروع ہے امید ہے جلد ان کو بھی ریگولر پولیس کی طرح تنخواہیں ملنا شروع ہو جائیں گی، پولیس شہداء کے بچوں اور لواحقین کے ساتھ پولیس شانہ بشانہ کھڑی ہے ان کے تمام تر جائز مسائل حل کئے جائیں گے اور بہت جلد ضلع اورکزئی میں لیڈیز پولیس بھی بھرتی کی جائے گی جس میں ترجیح شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کو دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لوئر اورکزئی کلایہ ہیڈ کوارٹر میں خطیر رقم سے ماڈل پولیس اسٹیشن بنایا جا رہا ہے جس کیلئے زمین خریدی گئی ہے جو کہ محفوظ اور تمام سہولیات سے آراستہ ہو گا جس کی تعمیر پر بہت جلد کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں ایک دہشت گرد کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا آخری دہشت گرد تک آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے اورکزئی عوام سے اپیل کی کہ آج ہونے والے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ماحولیاتی تبدیلی پر اچھے اثرات مرتب ہوں ۔

اورکزئی ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں