+پاکپتن،عرس بابا فریدالدین گنج شکرؒ پر آنے والے زائرین کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ذوالفقار احمدگھمن

مختلف محکمے زائرین کو تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کیلئے بہترین ربط و رابطہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض منصبی احسن اور جامع انداز میں انجام دیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، سیکرٹری اوقاف پنجاب

بدھ 21 اگست 2019 19:45

پاکپتن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2019ء) عرس بابا فریدالدین گنج شکرؒ کے موقع پر آنے والے زائرین کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،مختلف محکمے زائرین کو تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کیلئے بہترین ربط و رابطہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض منصبی احسن اور جامع انداز میں انجام دیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اوقاف پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر ؒ کے 777ویں عرس کی تقریبات کے سلسلہ میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن ،آرپی او ہمایوں بشیر تارڑ ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈ سائیں اللہ دتہ ،ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان ،ڈی پی او عبادت نثار ،اے ڈی سی ڈاکٹر احمد افنان ،اسسٹنٹ کمشنر ز علی عاطف،آصف حسین ،ارشد وٹو،ڈائریکٹر ہیلتھ ساہیوال سلیم صادق ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اطہر اقبال ،سی ای او ایجوکیشن راجہ طارق محمودو دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے،ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایات کہ عرس انتظامات کا مقصد زائرین کیلئے ٹھنڈے پانی ،لنگر طبی سہولیات اور سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے انہوںنے تفصیلی طور پر مختلف محکموں کو دی گئی ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا،انہوں نے بتایاکہ عرس کے موقع پر دربار اور ڈی سی آفس میں کنٹرول رومز بنائے جائیں گے تاکہ ان کے ذریعے مختلف قسم کے امور کی بہتر طریقے سے مانیٹرنگ کی جاسکے اور باہمی کوارڈینیشن کو بہتر بنایا جاسکے ،بہشتی دروازے کی طرف جانے والے روٹ پر آہنی گیٹوں کی تنصیب ،واک تھرو گیٹ ،ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زائرین کیلئے ٹھنڈی ہوا کیلئے پنکھوں اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے ڈسپنسریاں بنائی جائیں گی ،ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے فول پروف ٹریفک پلان بنایا گیا ہے جس کی مدد سے روٹ پر غیر ضروری ٹریفک کی روانی کو دور رکھا جائے گااس کے علاوہ زائرین کے راہنمائی کیلئے سائن بورڈ ز بھی آویزاں کیے جائیں گے ،طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف فرائض سرانجام دیں گے ،غلہ منڈی اور پلے گرائونڈ میں وضو کیلئے انتظامات کیے جائیں گے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو1122اپنے پوائنٹ پر تیار رہیں گی،ڈی پی او عبادت نثار نے اجلاس کو محکمہ پولیس کی جانب سے تیار کیے گئے سیکورٹی پلان کے علاوہ عرس بابافریدؒ اور محرم الحرام کے سلسلہ میں پاکپتن میں موجود اور باہر سے منگوائی جانیوالی اضافی نفری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اس کے علاوہ انہوں نے بتایاکہ دربار کے ملحقہ علاقوں میں کومبنگ آپریشن کیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی مشکوک سرگرمی کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جاسکیں ،کمشنر ساہیوال ندیم الرحمن نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے عرس اور محرم الحرام کے موقع پر عوامی سہولیات کے پیش نظر تمام ممکنہ اقدامات کریں اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے مختلف امور سرانجام دیں،آرپی او ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ نے کہا کہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ایک ضروری امر ہے جس کو ختم کرکے زائرین کو راحت دی جاسکتی ہے اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ زائرین کیلئے تیار کیے جانیوالے لنگر میں احتیاط برتنا بھی ضروری ہے اور اس کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچا جاسکے مزید براں سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کی بوریت دور کرنے کیلئے اور ان مشغول رکھنے کیلئے مخیر حضرات کی مددسے روٹ پر بڑی سکرینیں نصب کی جائیں اس کے علاوہ گورنمنٹ فریدیہ کالج میں رات گئے آنیوالے زائرین کیلئے مسافر خانے کا بندوبست بھی کیا جائے مزید براں انہوں نے ایکسیئن واپڈ ا خالد پرویز کو ہدایت جاری کی کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ جنریٹر کا بندوبست کیا جائے تاکہ دربار اور اس سے ملحقہ علاقہ کو لگاتار بجلی فراہم کی جاسکے ۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں