پاکپتن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، تین دہشتگرد مارے گئے

دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ۔ ترجمان سی ٹی ڈی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 اکتوبر 2021 10:19

پاکپتن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، تین دہشتگرد مارے گئے
پاکپتن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اکتوبر 2021ء) : پنجاب میں رات گئے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں سی ٹی ڈی نے رات گئے کارروائی کرکے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ زیر حراست منظور نامی دہشتگرد کی نشاندہی پر پاکپتن میں چھاپہ مارا گیا جس پر علاقہ میں پناہ لیے ہوئے دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی پر حملہ کردیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ زیرحراست ملزم کی نشاندہی پرپاکپتن میں دہشتگردوں کےٹھکانے پرچھاپہ مارا، فائرنگ کے تبادلے میں زیر حراست دہشت گرد منظوراور اس کے 2 ساتھی ہلاک ہوئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے تاہم 4 سے 5 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق ہلاک ملزمان یوم عاشور پر بہاولنگرمیں دہشتگردی سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ قبل ازیں گذشتہ ہفتے بھی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاع پر 71 آپریشن کیے گئے ، اس دوران 73 مشتبہ افراد کو تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ، جن سے ہونے والی تفتیش کے نتیجے میں 7 مشتبہ دہشت گردوں کی باقاعدہ گرفتاری عمل میں لائی گئی ، گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے نفرت انگیزمواد اور ممنوعہ سامان برآمد کیا گیا جب کہ ان گرفتار مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کا ملک بھر میں دہشت گردوں اور سہولتکاروں کے خلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے ۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں