پاکپتن، زمین پر قبضہ کی کوشش کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے سمیت 50 افراد کے خلاف مقدمہ درج، والد کو گن مینوں سمیت گرفتار کر لیا گیا

بدھ 15 اگست 2018 23:48

پاکپتن۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) زمین پر قبضہ کی کوشش کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے سمیت 50 افراد کے خلاف مقدمہ درج جبکہ والد کو گن مینوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں نوید علی نے مبینہ طور پر اپنے والد رانا احمد علی اور 50 مسلح ساتھیوں سمیت چک بہرام پور میں ایک زمیندار شرافت ڈوگر کے رقبہ پر قبضہ کی کوشش کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر رضوان گوندل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دے دیا جس پر تھانہ صدر پولیس نے ایم پی اے میاں نوید علی والد رانا احمد علی سمیت 50 افراد کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے میاں نوید علی کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر ایم پی اے کے والد رانا احمد علی کو تین گن مینوں سمیت گرفتار کرکے حوالات بند کر دیا۔ پولیس باقی فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضوان عمر گوندل نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، شہر کا امن خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں