حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اپوزیشن کو نظرانداز کررہی ہے، میاں احمد رضا مانیکا

ہفتہ 13 اپریل 2019 23:05

پاکپتن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2019ء) تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اپوزیشن کو نظرانداز کررہی ہے۔ منتخب عوامی نمائندوں کے فنڈ روک حلقہ کی عوام کا استحصال کیا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں احمد رضا خاں مانیکا نے اپنی رہائشگاہ پیر غنی میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی رہائی کی خوشی میں کارکنان میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق سمیت کسی سیاسی جماعت کے دور حکومت میں اپوزیشن ارکنان کے ساتھ اس قسم کی زیادتی نہیں کی گئی جو تحریک انصاف کے دور حکومت میں کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

میاں احمد رضا خاں مانیکا نے کہا کہ پانچ سے چھ لاکھ کے عوامی حلقہ سے ووٹ لیکر منتخب ہونیوالے عوامی نمائندوں کو نظرانداز کرنا شرمناک ہے تحریک انصاف کی حکومت نے اپوزیشن کے تمام اراکین اسمبلی کے ترقیاتی کاموں کے فنڈ روک لئے ہیں جو عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کو ووٹ نہ دینے والی عوام کے ساتھ بھی انتقام کے مترادف ہے۔ قبل ازیں میاں احمد رضا خاں مانیکا نے میاں نواز شریف کی رہائی کی خوشی میں کارکنان میں مٹھائی تقسیم کی۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں