ہمیں حضرت محمد ﷺ کی بتائی ہوئی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہئے تا کہ دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں‘فیصل حیات جبوانہ

بدھ 20 اکتوبر 2021 12:13

پاکپتن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل حیات جبوانہ نے کہا ہے کہ رحمتِ مجسم، محسنِ عالم حضرت محمد ﷺکی رحمت و شفقت کا دائرہ ہر عہد، ہر زمانے، ہر قوم، اپنے پرائے، جملہ کائنات اور جملہ مخلوقات یہاں تک کہ تمام جہانوں اور دنیا و آخرت کو شامل ہے اور انہی تعلیمات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ہم سب کو چاہیے کہ حضرت محمد ﷺ کی بتائی ہوئی تعلیمات پر عمل پیرا ہو ں تا کہ دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں۔یہ باتیں انہوں نے دربار بابافریدالدین مسعود گنج شکر ؒ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر محفل میلاد کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی ،ڈی پی او فیصل مختار ، ، ا یڈیشنل ڈ پٹی کمشنرجنرل عابد شوکت ،ا یڈیشنل ڈ پٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ملک مشتاق احمد ٹوانہ ،اے سی پاکپتن شرجیل شاہدگجر ، ایڈمنسٹر یٹر اوقاف ضیاء مصطفی سمیت علمائے کرام اور شہریوںکی کثیر تعداد نے شرکت کیا۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعلی فیصل حیات جبوانہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات کے شیڈول پر عمل درآمد کرانے کی خصوصی ہدایات جاری کیں ،پنجاب بھر کی طرح ضلع پاکپتن کے تعلیمی اداروں میں سکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر نبی پاکؐ کی ذات بابرکات کی تعلیمات اور شخصیت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالنے کے لئے تقریری مقابلوں اور حسن قرات و نعتیہ مقابلوں سمیت تمام اداروں میں خصوصی پروگرام کرائے گئے، انہوں نے کہاکہ امسال بھی طلباو طالبات کو رحمت اللعالمین سکالر شپس بھی دیئے جا رہے ہیں جن کی مالیت 50 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب روپے کر دی گئی ہے۔

عوام نے بھی سرکاری اداروں کے شانہ بشانہ ان نورانی محفلوں میں شرکت کرکے،عشرہ شان رحمت للعالمین ﷺ کے سلسلہ میں حضور اکرم ﷺ کی سوہ حسنہ اور تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے تمام تر اختلافات بھلا کر باہمی روا داری ، امن وامان ، اور بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دیا۔محفل کے اختتام پر علمائے کرام اور حاضرین محفل نے درود شریف پڑھا اور دعا کی۔ دریں اثناء مشیر وزیراعلی فیصل حیات جبوانہ نے ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی ،ڈی پی او فیصل مختار کے ہمراہ بابافریدالدین مسعود گنج شکرکے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چرھائی۔

متعلقہ عنوان :

پاکپتن شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments