پاکپتن، بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے دربار پر دولہا، دلہن کی شوٹنگ کی ویڈیو وائرل

غفلت برتنے پر پولیس انسپکٹر سمیت 3اہلکار معطل کردیئے گئے واقعے میں ملوث افراد و ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی، ملوث افراد کی شناخت جاری ہے،ڈی پی او پاکپتن

بدھ 3 مئی 2023 20:45

پاکپتن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2023ء) پنجاب کے ضلع پاکپتن میں بابا فرید الدین گنج شکرؒکے دربار پر دولہا، دلہن کے فوٹوشوٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کیمرہ مین اور نئے جوڑے کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق دربار بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے احاطے اور اندرون دربار یہ فوٹو شوٹ تقریبا ایک گھنٹہ جاری رہا تاہم مذکورہ واقعے سے محکمہ اوقاف کے حکام بھی لاعلم رہے۔

(جاری ہے)

فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مذہبی حلقوں کی جانب سے غم وغصہ کا اظہار کیا گیا، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی کڑی تنقید کی گئی جس پر پولیس حرکت میں آگئی۔پولیس ترجمان کے مطابق غفلت برتنے پر پولیس انسپکٹر سمیت 3اہلکار معطل کردیئے گئے ہیں۔واقعہ کا مقدمہ کیمرہ مین سمیت 3نامزد افراد اور دلہا دلہن کیخلاف درج کیا گیا ہے جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے ایک نگران کو معطل کردیا گیا ہے۔ڈی پی او پاکپتن کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد و ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی، ملوث افراد کی شناخت CCTVکیمرہ کی مدد سے کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں