جیونی شہر کو آنکاڑہ ڈیم سے پانی کی سپلائی کرنے کے منصوبے کا آغاز کررہے ہیں،شکیل احمد بلوچ

بدھ 2 نومبر 2022 20:35

پسنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2022ء) ایکسین پبلک ہیلتھ ضلع گوادرشکیل احمد بلوچ نے کہا ہے کہ جیونی شہر کو آنکاڑہ ڈیم سے پانی کی سپلائی کرنے کے منصوبے کا آغاز کررہے ہیں،ضلع گوادر میں چار ڈیم تیار ہیں اور آن میں پانی بھی وافر مقدار میں موجود ہے لیکن بعض جگہوں پر پر انے سسٹم اور پائپ لائن کی وجہ سے مشکلات آجاتی ہیں اور اِن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر سٹی میں جی ڈی اے ڈسٹری بیوشن لائن بچھا رہی ہے اس کی تکمیل کے بعد شہر میں پانی کی سپلائی مزید بہتر ہوگی،گوادر سٹی کی پائپ لائن 1993 میں بچھائی گئی تھی اور اس وقت گوادر کی آبادی اتنی نہیں تھی اور پرانے پائپ لائنوں میں لیکیج بھی موجود ہیں چونکہ گوادر اب ایک بڑا شہر بننے جارہا ہے اور یہاں آبادی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اسی لئے محکمہ پی ایچ ای اب یہاں ہنگامی بنیادوں پر کام کررہا ہے تاکہ پانی کی ترسیل کو مذید بہتر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر میں زیر زمین پانی بالکل بھی موجود نہیں ہے پانی کی سپلائی کا انحصار زیادہ تر ڈیم اور ڈی سیلیشن پلانٹ کے زریعے ہوتی ہے اور یہاں پر ڈی سیلیشن پلانٹ نہ چلنے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیونی شہر کے لئے پہلی مرتبہ پائپ لائن 1993 میں بچھائی گئی تھی اور اس کی سائز بھی چھوٹا ہے اور اسی پائپ لائن سے آس پاس کے علاقوں کو بھی پانی کی سپلائی کی جاتی ہے اسی لیے جیونی شہر میں پانی بروقت نہیں پہنچ پاتا لیکن جیونی شہر میں پانی کے مستقل حل کے لئے آئندہ دو روز میں ایک بڑے منصوبے کا آغاز کررہے ہیں جس میں 97 کروڑ روپے کی لاگت سے آنکاڑہ ڈیم سے جیونی کو پانی کی سپلائی کرنے کے لئے علیحدہ پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا افتتاح کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے سے جیونی میں پانی کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائے گا اگر صوبائی حکومت نے اس منصوبے کے فنڈز وقتی طور پر ریلیز کردیے تو چھ مہینے کے اندر اندر اس منصوبے کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شادی کور ڈیم سے پسنی شہر کو پائپ لائن کے زریعے پانی کی سپلائی کرنے کے منصوبے کا پی سی ون بناکر پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ اور پی اینڈ ڈی کو ارسال کردیا گیا ہے منظور ہونے کے بعد اس پر بھی کام شروع کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پسنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں