اسسٹنٹ کمشنر پسنی مہم خان گچکی نے پسنی شہر میں برف کی قیمتوں میں اضافے اور برف کی عدم دستیابی کے مسائل پر فوری نوٹس لیا

جمعہ 26 جولائی 2024 20:43

پسنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2024ء) ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنر پسنی مہم خان گچکی نے پسنی شہر میں برف کی قیمتوں میں اضافے اور برف کی عدم دستیابی کے مسائل پر فوری نوٹس لیا۔ انہوں نے برف فیکٹری مالکان کو اپنے دفتر میں طلب کیا تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

میٹنگ کے دوران، اسسٹنٹ کمشنر نے فیکٹری مالکان سے برف کی شدید قلت کی وجوہات اور قیمتوں میں اضافے کے اسباب دریافت کیے۔ فیکٹری مالکان نے بتایا کہ بجلی بحران کی وجہ سے برف کی سپلائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور شدید گرمی کے باعث برف کی طلب میں اضافے سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر مہم خان گچکی نے فیکٹری مالکان کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ برف کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ہر حال میں قابو پایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف پہنچانے کے لیے یہاں موجود ہیں اور کسی بھی صورت میں عوام کو مشکلات سے دوچار نہیں ہونے دیں گے۔اسسٹنٹ کمشنر کی بروقت کاروائی پر اہلیان پسنی نے ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس اقدام سے عوامی مشکلات میں کمی آئے گی اور برف کی قیمتوں کو کنٹرول میں لایا جا سکے گا، جس سے شہریوں کو شدید گرمی میں کچھ راحت ملے گی۔

پسنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں