باراتیوں کے پھینکے پیسے پکڑتے 12 بچے آگ لگے کچرے پر گر گئے، جھلس کرزخمی

پیر 2 جنوری 2017 16:56

پتوکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) پھول نگر میں باراتیوں کی طرف سے پھینکے ہوئے پیسے پکڑنے کی کوشش میں 12 بچے آگ لگی کچرے کی ڈھیری پر گر گئے ،ْجھلسنے سے شدید زخمی ہو گئے، 6 بچوں کو لاہور ریفر کر دیا گیا، نواحی گاؤں خانکے موڑ کے رہائشی صدیق کی 2 بیٹیوں کی شادی تھی، قریبی دیہات سے آنیوالی بارات میں شامل لوگوں نے آتشبازی کی جس سے کچرے کی ڈھیریوں کو آگ لگ گئی، اسی اثناء میں باراتیوں نے دولہا پر نوٹ نچھاور کرنے شروع کر دیئے جنہیں پکڑنے کی کوشش میں گاؤں کے 10 سے 12 سال کے درجنوں بچوں میں دھکم پیل شروع ہو گئی اور پیسے پکڑنے کی کوشش میں درجن کے قریب بچے آگ لگی کچرے کی ڈھیریوں پر جا گرے اور بری طرح جھلس گئے جنہیں دیہاتیوں نے ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ مختلف نجی ہسپتالوں میں پہنچایا، ذرائع کے مطابق جھلسنے والے بچوں میں سے عثمان ، خالد ، حبیب اللہ اور ذیشان کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ عبداللہ ، عدنان، توقیر، نعمان اور ضیاء وغیرہ کو اٴْن کی حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا۔

پتوکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں