پتوکی: شہر بھر کے گنجان آباد محلوں اور بازاروں میں لگے گندگی کے ڈھیرمختلف بیماریاں پھیلانے کا سبب بننے لگے

میونسپل کمیٹی سے تنخواہیں وصول کرنے والے خاکروب بااثر افراد کے گھروں ، دفاتر،بھٹوں،سکولوں اور کالجوں میں ناجائز نوکری کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ شہریوں کو عملہ و مشینری کی کمی کا بہانہ سنا کر ٹال دیا جاتا

منگل 11 فروری 2020 22:54

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2020ء) پتوکی شہر بھر کے گنجان آباد محلوں اور بازاروں میں لگے گندگی کے ڈھیرمختلف بیماریاں پھیلانے کا سبب بننے لگے۔جبکہ میونسپل کمیٹی سے تنخواہیں وصول کرنے والے خاکروب بااثر افراد کے گھروں ، دفاتر،بھٹوں،سکولوں اور کالجوں میں ناجائز نوکری کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ شہریوں کو عملہ و مشینری کی کمی کا بہانہ سنا کر ٹال دیا جاتاہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے گنجان آباد علاقے محلہ ملک پورہ،احمد نگر،مدینہ کالونی میںجگہ جگہ گندگی اور کوڑے کے ڈھیر مختلف بیماریاں پھیلانے کا سبب بننے لگے۔ان علاقوںمیں موجود شہریوں کے ملکیتی خالی پلاٹوں میں میونسپل کمیٹی پتوکی کے عملہ کی جانب سے ناجائز کوڑا ڈپو قائم کردیے گے جو کہ رہائشیوں میں مختلف بیماریاں پھیلا نے کا سبب ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اہلیان علاقہ کا کہنا کہ بار ہا عملہ صفائی میونسپل کمیٹی پتوکی و اعلیٰ حکام کو درخواستیں دینے کے باوجود بھی گلی بازاروں میں اور خالی پلاٹوں میں موجود کوڑا نہ اٹھایا گیا دوسری جانب جو خاکروب کبھی کبھار کام کرنے آتے ہیں وہ مخصوص گھروں کا کوڑا اٹھا کرچلے جاتے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی پتوکی سے ماہانہ تنخواہیں وصول کرنے والے خاکروب بااثر مافیا کے گھروں،دفاتراور دفاتر میںکام کررہے ہیں۔

جب شہری اعلیٰ حکام سے گلی بازاروں کی صفائی کا مطالبہ کرتے ہیں تو انہیںعملہ و مشینری کی کمی کا بہانہ سنادیا جاتا ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصورو دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام خاکروبوں کو بااثر افراد کے گھروں، ڈیروں،دفاتر،سکولوں ،بھٹوں اور کالجوں سے واپس بلا کر عام گلی بازاروں کی صفائی کے لئے تعینات کیا جائے اور انہیں باقاعدہ ایریا تقسیم کیا جائے تاکہ شہر میں صاف صفائی کا بہتر انتظام ہوسکے۔

پتوکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں