آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس ضلع قصور کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 2 جون 2023 21:02

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2023ء) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس ضلع قصور کے زیر اہتمام مہنگائی میں پسے ہوئے سینکڑوں سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں گورنمنٹ ہائی سکول پتوکی سے کچہری چوک تک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تمام سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ میں ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔

احتجاجی مظاہرہ سے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس ضلع قصور کے راہنماؤں شیر محمد میو، محمد یوسف ندیم، میاں شہزاد منور، میڈم کوثر عزیز و دیگر راہنماؤں نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مزیدکہا کہ سرکاری ملازمین مہنگائی کی وجہ سے انتہائی پریشان ہیں ریاست اپنے ملازمین کے بارے میں سوچے۔

(جاری ہے)

پچھلے سال مرکزی کابینہ نے وعدہ کیا تھا کہ پے اینڈ پینشن کمیشن کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا لیکن آج تک عملدرآمد نہیں ہوا۔

سرکاری ملازمین کے تمام الاؤنسز 2008 کی پے پر منجمند ہیں اور مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ دوسری طرف سرکاری ملازمین کی ایگزیکٹو کلاس کو 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس رننگ بیسک پے پر دیا جارہا ہے جبکہ عام سرکاری ملازمین کو صبر کی تلقین اور آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط کیا جا رہا ہے۔ دو دن پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کے ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد کر دیا گیا ہے۔

اب سرکاری ملازمین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تنخواہ اور پینشن میں 100 فیصد رننگ بیسک پے میں اضافہ کیا جائے اور ہاؤس رینٹ، کنوینس الاؤنس، میڈیکل الاؤنس کو موجودہ پے سکیل کی رننگ بیسک پر دیا جائے۔ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 8 جون کو پاکستان بھر کے لاکھوں سرکاری ملازمین پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

اگیگا راہنماؤں نے مزید کہا کہ اس ملک کی بقا پاک فوج سے ہے۔ پوری دنیا کی غیر مسلم طاقتیں پاک فوج کو کمزور کرنا چاہتی ہیں لیکن پاکستان کے عوام اور سرکاری ملازمین اپنی عظیم فوج کے ساتھ ہیں۔ اگیگا واضح کرنا چاہتی ہے کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین کا یہ اتحاد خالصتا غیر سیاسی ہے ۔

پتوکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں