سرحد چیمبر اور سسٹینبل انرجی اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

معاہدہ کے تحت خیبر پختونخوا میں بزنس وائس سروے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2021ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سسٹینبل انرجی اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ (SEED) کے درمیان ایک باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں معاہدہ کے تحت خیبر پختونخوا میں بزنس وائس سروے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا سروے کا بنیادی مقصد کاروباری طبقہ کی مشکلات کو حکومت اور متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کرکے ان کا قابل اور دیرپا حل تلاش کرکے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔

سروے میں اس بات کا بھی ادراک کیا جائے گا کہ کس طرح مہنگائی ،ْ بڑھتی ہوئی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور انفراسٹرکچر سے متعلقہ مسائل سے سازگارکاروبارپر اثر انداز ہوتے ہیں ۔ معاہدہ پر سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور اور ایس ای ای ڈی کے ٹیم لیڈر حسن خاور نے دستخط کئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ماہرین اور پروفیشنل کے علاوہ بزنس کمیونٹی ،ْ اکیڈیمک اور تعمیری سیکٹر سے متعلقہ نمائندوں نے شرکت کی ۔

مقررین نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کے لئے بنائے جانیوالا منصوبہ وفاقی و صوبائی دونوں حکومتوں کے لئے کافی سود مند ثابت ہوگا جس کے ذریعے صوبہ بھر میں سازگار کاروباری ماحول کے فروغ کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوششیں کی جائیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد چیمبر اور ایس ای ای ڈی کے درمیان معاہدہ پر ایک واحد و عمدہ مثال قائم کرے گا اور اس منصوبے کے ذریعے کاروبار اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے مالیاتی بجٹ میں خطیر رقم مختص کرنے کے ساتھ ساتھ وسائل کی دستیابی پر زور دیا جائے گا ۔

سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہاکہ خیبر پختونخوا بزنس وائس سروے صوبہ میں سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے ایک اہم قدم ہے جس کے ذریعے بزنس کمیونٹی کے مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر ایس ای ای ڈی کے ٹیم لیڈر حسن خاور نے خطاب کرتے ہوئے منصوبہ کے اغراض و مقاصد پر ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرحد چیمبر اور ایس ای ای ڈی مل کر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حکومتی متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کرے گا اور ان کے فوری حل کے لئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں بالخصوص مالیاتی بجٹ میں بہتر و زیادہ وسائل کی فراہمی کے ذریعے ان تمام مسائل کو حل کیا جائے گا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں