سرحدچیمبر کا حکومت سے صنعتی ترقی اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

کورونا وائرس لاک ڈائون کی وجہ سے بزنس کمیونٹی بے شمار مشکلات سے دوچار ہے جس کے ازالہ کیلئے صوبائی حکومت خصوصی مالیاتی پیکیج کا اعلان کریں،عمران مہمند

بدھ 27 اکتوبر 2021 23:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر عمران خان مہمند نے صوبائی حکومت سے صنعتی ترقی اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے موثر و عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کورونا وائرس لاک ڈائون کی وجہ سے بزنس کمیونٹی بے شمار مشکلات سے دوچار ہے جس کے ازالہ کیلئے صوبائی حکومت خصوصی مالیاتی پیکیج کا اعلان کریں۔

صنعتیں نہ صرف ملکی معیشت مستحکم کرنے بلکہ لاکھوں لوگوں کے لئے روزگار کی فراہمی کا واحد ذریعہ ہے جس کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سما ل انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ خیبر پختونخوا کے منیجنگ ڈائریکٹر ظفر علی شاہ سے چیمبر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرحد چیمبر کے سیکرٹری جنرل سجاد عزیز اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر کے قائمقام صدر عمران خان مہمند نے ایم ڈی کو صنعتوں کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا اور ان کے حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد چیمبر صوبہ میں انڈسٹریلائزیشن کے لئے حکومتی اقدامات کو کافی سراہتا ہے تاہم موجودہ صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صنعتی ترقی ملکی معیشت و اقتصادی ترقی کے ضامن ہے بالخصوص لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا واحد ذریعہ بھی ہے اس لئے حکومت صنعتوں سے متعلق مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ اس موقع پر ایم ڈی ایس آئی ڈی بی ظفر علی شاہ نے سرحد چیمبر کے قائمقام صدر عمران خان مہمندکو یقین دلایا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے فوری حل اور صوبہ میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں