چاند دیکھنے کے معاملے پر اختلاف کا باعث بننے والے مفتی پوپلزئی اچانک منظر عام سے غائب

ہفتہ 24 جون 2017 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) ہر سال رمضان المبارک اور عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے معاملے پر اختلاف کا باعث بننے والے مفتی شہاب الدین پوپلزئی اچانک منظر عام سے غائب ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مفتی شہاب الدین پوپلزئی گزشتہ دو روز سے لاپتہ ہیں اور ان کا فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی شہاب الدین کو آخری بار اسلام آباد ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل لائونج میں دیکھا گیا تھا اور ان کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق مفتی شہاب الدین 22 جون کو دبئی کے لئے روانہ ہو گئے تھے اور اب 2 اگست کو ان کی وطن واپسی ہو گی۔ دوسری جانب مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اہلخانہ کا اصرار ہے کہ وہ پاکستان میں ہی ہیں لیکن ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی عیدالفطر کے موقع پر مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب چلے گئے تھے اور پورے ملک میں ایک ساتھ عید منائی گئی تھی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں