پولیس کے افسران اور جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے،امتیاز شاہد قریشی

صوبے کی پولیس کی لازوال قربانیوں، شجاعت اوربہادری کی قوم معترف ہے،امید ہے ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد پولیس افسران ہجوم کو بغیرطاقت کے استعمال ،خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنٹرول کریں گے، وزیر قانون خیبرپختونخوا کا تقریب سے خطاب

جمعہ 20 اکتوبر 2017 19:11

پولیس کے افسران اور جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے،امتیاز شاہد قریشی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون،پارلیمانی امور اور انسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ پولیس کے افسران اور جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور ہمارے صوبے کی پولیس کی لازوال قربانیوں، شجاعت اوربہادری کی پوری قوم معترف ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کاکردار ادا کر کے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور صوبے میں امن و امان کی حالت بہتر بنائی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پویس سکول آف پبلک ڈس آرڈ ر اینڈ رائٹ مینجمنٹ مردان میں پولیس افران کے دو ہفتے ٹرینگ کورس مکمل ہونے پر تقسیم اسناد کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس کورس میں سینکڑوں کی تعداد میں کانسٹبل سے لے کرڈی ایس پیز تک پولیس افسران نے تربیت حاصل کرنے کے لئے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی نے کہا کہ ہماری صوبائی پولیس نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے پاکستان میں بہترین پوزیشن حاصل کی اور اس طرح پولیس سکول آف ڈس آرڈر اینڈرا ئٹ مینجمنٹ ضلع مردان پاکستان کاوہ واحد تربیتی ادارہ ہے جہاں پولیس کو جلسے جلوس کو اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنٹرول کرنے کے جدید طریقے سکھائے جاتے ہیں جبکہ اس سے پہلے یہ ایک عمومی تاثر پایا جاتا تھا کہ عوام جب بھی اپنے کسی جائز مطالبے کیلئے سڑکوں پر آتی توپولیس کا رویہ ان کے ساتھ اچھا نہیں ہوتا تھا۔

وہ فوری طور پر طاقت کااستعمال شروع کر کے ہجوم کو قابو اور منتشر کرنے کی کوشش کرتی تھی۔وزیر قانون نے کہا کہ اب دنیا بدل گئی ہے اور کوئی بھی مہذب معاشرہ عوام پر طاقت کے استعمال کو اچھا نہیں سمجھتا اور مجھے امید ہے کہ ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد پولیس افسران کوشش کریں گے کہ ہجوم کو بغیرطاقت کے استعمال اور خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنٹرول کریں گے۔

وزیر قانون نے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کی صلاحتیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پولیس فورس میں انقلابی تبدیلیاں لائیں جو ان کے وژن اور سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کی وجہ سے ہمارے صوبے میں آج پولیس کے 6سپیشلائزڈ تربیتی ادارے کام کر رہے ہیں جو ہمارے صوبے کا ایک انفرادی اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد باقی صوبے ہماری پولیس کی منصوبہ بندی کی پیروی کرتے ہوئے ادارے بنا رہے ہیں۔وزیر قانون نے کہا کہ مجھے یقین کامل ہے کہ ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد پولیس افسران بہتر طریقے سے اپنے فرائض کی انجام دیہی کر کے عوام کی توقعات پر پورااتریں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ ادارہ پورے پاکستان میں پولیس تربیتی اداروں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں