صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کو شروع کرکے انہیں پایہ تکمیل تک بھی پہنچایا جا رہا ہے،امتیاز شاہد قریشی

اتوار 17 دسمبر 2017 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اُمور امتیاز شاہد قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے مستقل حل کے لئے ایسے ترقیاتی ایجنڈے پر آگے کی طرف گامزن ہے جو گزشتہ حکمرانوں کی طرح عوام کو محض خالی نعروں پر نہیں ٹرخایا جا رہا ہے بلکہ ترقیاتی منصوبوں کو شروع کرکے انہیں پایہ تکمیل تک بھی پہنچایا جا رہا ہے ۔

شکردرہ میں ڈگری کالج،تڑلی پُل ،کیٹگری ڈی ہسپتال،دریائے سندھ سے آبنوشی سکیم،سکولوں کی تعمیر،سڑکیں و دیگر بڑے منصوبوں پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے جس سے علاقہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوا رکے روزاپنے حجرہ میں شکردرہ کے معزز مشران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک آئندہ اتوار کو شکردرہ کا دورہ کرینگے وہ اپنے دورہ کے موقع پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی افتتاح کریں گے اُنہوں نے کہا کہ متوقع دورہ صوبائی وزیر اعلیٰ کا خوش آئند ہے وزیر اعلیٰ اپنے دورہ شکردرہ کے موقع پر متعدد منصوبوں کا بھی اعلان کرینگے جس سے علاقے میں انقلاب برپا ہوگا اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں صاف ستھری سیاست متعارف کی ہے جوتبدیلی کی واضح علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ،کمیشن خوری اور اقرباء پروری گزشتہ حکومتوں کا وطیرہ رہا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے عوام کو فوری اور سستے ا نصاف دینے سمیت زندگی کے ہر شعبے میں سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں