صوبائی حکومت دیر اپر اور سوات کے علاقوں میں آباد محنتی گجر قوم کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ہرممکنہ اقدامات اٹھائے گی،صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کی وفد سے گفتگو

پیر 22 جنوری 2018 20:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) خیبر پختونحوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دیر اپر اور سوات کے علاقوں میں آباد جفاکش اور محنتی گجر قوم کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھائے گی ،ایسے کسی بھی اقدام اٹھانے کی مخالفت کی جائے گی جس کے ذریعے محب وطن اور اس مٹی سے پیار کرنے والی گجر قوم کے حقوق غصب ہونے کا اندیشہ موجود ہو، صوبائی حکومت پورے صوبے کی یکساں ترقی کے لئے مخلصانہ کوششوں میں مصروف عمل ہے اور ترقیاتی عمل میں سوات کوہستان اور دیر کوہستان کے علاقوں پر خاص توجہ دینے کی کوشش کی جائے گی۔

وہ پیر کو اپنے دفتر پشاور میں سوات کوہستان اور دیر کوہستان سے تعلق رکھنے والے گجر قوم کے مشترکہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے ،جس نے ناظم عقل زادہ کی سربراہی میں صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں متعدد بلدیاتی نمائندے اور گجر قوم کے سرکردہ زعماء شامل تھے جنہو ںنے صوبائی وزیر کوسوات کوہستان اور دیر کوہستان میں آباد گجر قوم کو درپیش بعض مسائل سے اگاہ کیا اور ان کے حل کے لئے صوبائی وزیر سے تعاون طلب کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ قوم جو کہ دیگر صوبوں سمیت خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں بالعموم اور تینوں کوہستانوں میں بالخصوص اکثریت کے ساتھ آباد ہے کی اکثریت غریب طبقے پر مشتمل ہے لہٰذا ان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ترجیحی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ گجر قوم کی جفاکشی اور وطن سے محبت میں کوئی شک نہیں اور اس صوبے کی ترقی وخوشحالی میں گجر قوم کا کردار کلیدی ہے لہذا ان کے مسائل کو ترجیحاً حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان کے حقوق کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں