فاٹاکی مختلف ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرزکا 7ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ

پیر 22 جنوری 2018 20:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء)فاٹاکے مختلف ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرزنے تنخواہوں کے بندش کے خلاف پشاورمیں فاٹاسیکرٹریٹ کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرے میں خیبرباجوڑاورمہمندایجنسی سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرزنے شرکت کی جنہوںنے ہاتھوں میں بینرزاورپلے کارڈاٹھارکھے تھے جن پرانکے مطالبات کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے جبکہ مظاہرین نے احتجاج کے دوران مین ورسک روڈکوبھی بندکردیا،مظاہرین کاکہناتھاکہ وہ باقاعد گی کیساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں لیکن اس کے باوجودپچھلے سات ماہ سے انہیں تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہورہی ہے جبکہ اس حوالے سے جب بھی متعلقہ حکام سے بات کی جاتی ہے تووہ انہیں صرف تسلیاں دے کربات ختم کردیتے ہیں لیکن عملی طورپرکچھ نہیں ہوتااورتاحال وہ تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدیدمالی مشکلات کاسامناہے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگرفوری طورانہیں تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوئی تووہ آئندہ پولیومہم سے بائیکاٹ کریں گے ۔دوسری جانب فاٹاسیکرٹریٹ حکام کی جانب سے مظاہرین کویقین دلایاگیاکہ انہیں ایک ہفتے کے اندرتنخواہوں کی ادائیگی کردی جائے گی جس پرمظاہرین نے اپنااحتجاج ختم کردیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں